پیغمبر اسلام کے خلاف نازیبا کمنٹ کرنے پر منیش پر ہوا مقدمہ درج
الہ آباد: 21؍اکٹوبر نیوز 18 اردو) اترپردیش کے الہٰ آباد میں سوشل میڈیا پرپیغمبر اسلام کے خلاف نازیبا کمنٹ کئے جانے کے معاملہ میں جم آپریٹر منیش سنگھ کے خلاف شہرکے دھومن گنج تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ منیش سنگھ نے فیس بک پرپیغمبر اسلام کے بارے میں نازیبا پوسٹ کی تھی۔ الہ آباد کے محمد دانش نے منیش سنگھ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ ایف آئی آرکے مطابق منیش کے خلاف آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا۔ ہم آپ کو بتادیں کہ منیش سنگھ ایک پولیس افسر کا بیٹا ہے۔
تاہم اس واقعہ کے بعد اترپردیش پولیس نے منیش سنگھ کے خلاف شکایت کرنے والے محمد دانش سمیت انکے 2 ساتھیوں محمدانس، شاہد انصاری کے خلاف بھی ایک مخصوص مذہب کے خلاف منافرت پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہناہے کہ دانش کی جانب سے منیش سنگھ کی شکایت کیے جانے کے بعد پولیس نے دانش کے ماضی کا جائزہ لیا تاکہ اس کے خلاف بھی کوئی مقدمہ بنایا جاسکے۔ پولیس نے دانش کی سوشل میڈیا پروفائل پرایک پوسٹ کا پتہ لگایا ہے جس میں اس نے بھی ایک مخصوص مذہب کے خلاف متنازعہ ریمارکس کیے ہیں۔اس پوسٹ کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے نہ صرف دانش بلکہ اسکے 2 ساتھیوں کو بھی حراست میں لیے لیا ہے۔
وہیں دوسری جانب اترپردیش کے ڈائریکٹرجنرل آف پولیس او پی سنگھ نے ایک فرمان جاری کیا گیا ہے جس میں پولیس حکام کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ مذہبی منافرت پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس سرکلر میں کہا گیاہے کہ اب تک اترپردیش کے مختلف مقدمات پرمذہبی منافرت پھیلانے اور مذاہب کے خلاف متنازعہ ریمارکس کرنے 10 معاملات سامنے آئے ہیں۔ ڈی جی پی کی جانب سے سرکلر میں عوام کو انتباہ دیاگیاہے کہ اگرسوشل میڈیا کے ذریعہ مذہبی منافرت اور ایک مخصوص مذہب کے خلاف نفرت انگیزی کو عام کیا گیا تو اترپردیش پولیس نیشنل سکیورٹی ایکٹ یعنی این ایس اے کے تحت مقدمات درج کریگی۔