احوال وطن

جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ میں ختم بخاری شریف کے اجلاس کا انعقاد

دیوبند،17؍ مارچ(سمیر چودھری) جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ میں آج ختم بخاری شریف کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کے شیخ الحدیث اورمہتمم مفتی خالد سیف اللہ نقشبندی نے دورۂ حدیث کے طلبہ کو بخاری شریف کا آخری درس دے کر کتاب مکمل کرائی،دریں اثنا مفتی موصوف نے امام بخاری کے مقام ومرتبہ، ان کے علمی اسفار، ذوقِ مطالعہ اور حفظ حدیث میں ان کے تشخص وانفراد کو واضح کیا اور بتایاکہ امام بخاری کو تقریبا دس لاکھ روایات زبانی یاد تھیں، احادیث کے اتنے بڑے ذخیرہ کو محفوظ کرکے بلا کم وکاست اور دوسروں تک پہنچانے پر ساری امت مسلمہ ان کی ممنون رہے گی۔مفتی خالد سیف اللہ گنگوہی نے بخاری شریف کی پہلی اور آخری روایت کے ارتباط کو اجاگر کرتے ہوئے بہت سے نکات بیان کئے ، جس سے خالص توحید، کامل اخلاص او رعملِ صالح جیسے مضامین کا ادراک ہوتا ہے، مفتی موصوف نے کہا کہ امام بخاری روایات سے پہلے قرآنی آیت لاکر اس طرف اشارہ کرنا چاہتے ہیں کہ احادیث کے بغیر قرآن کے معانی ومفاہیم کو نہیں سمجھا جاسکتا ، کیوں کہ قرآن متن ہے اور احادیث شریفہ اس کی شرح ہے، اسی لئے امام اعظم ابوحنیفہ نے فرمایاکہ اگر احادیث کا ذخیرہ نہ ہوتا تو ہم میں سے کوئی شخص قرآن کو نہ سمجھ پاتا ، مفتی خالد سیف اللہ قاسمی نے روزِ قیامت میزان عدل کے قائم کرنے اور اس پر گمراہ فرقوں کے رد واعتراض نقل کرکے جمہورعلماء کے مسلک کا اثبات کیا ، اسی طرح کلام الٰہی کے مخلوق اور غیر مخلوق ہونے کی بحث کو علماء اور سلف کے اقوال کی روشنی میں واضح کیا ، موصوف نے طلبہ سے تاکیدی طورپر کہاکہ وہ قرآن وسنت کی روشنی میں اپنا سفرِ حیات جاری رکھیں اورانسانیت کی خدمت کو سب سے بڑا وظیفہ خیال کریں ،بالخصوص برادرانِ وطن کے ساتھ ان کا رویہ اخلاق اور ہمدردی کا ہونا چاہئے۔قبل ازیں قاری محمد طالب ہریانوی کی تلاوت سے درس بخاری کا آغاز ہوا، صدارت نائب مہتمم مولانا قاری عبیدالرحمن قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد صابر سہارنپوری نے انجام دئے ، اس موقعہ پر مختلف درجات کے 397؍ طلبہ کی رسمی فراغت کا اعلان کیاگیا جن میں دورۂ حدیث شریف کے 78؍ اور حفظ مکمل کرنے والے 58؍ طلبہ کی دستار بندی بھی عمل میں آئی ، جامعہ کے محدث اوربزرگ عالمِ دین مولانا محمد سلمان گنگوہی کی دعاپر اجلاس کا اختتام ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×