احوال وطن

ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ دیکھنے کے خواہش مند بلال کو پولیس نے کیا گرفتار‘ پوچھ تاچھ جاری

اجودھیا: 9؍جولائی (عصرحاضر) اتر پردیش کے ایودھیا میں منہدم بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اس درمیان ایک شخص نے ایودھیا پہنچ کر ایک سیکورٹی اہلکار سے قدیم بابری مسجد کا پتہ پوچھ لیا جس سے اس کے لیے مصیبت کھڑی ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بلال نامی ایک شخص نے رام جنم بھومی درشن مارگ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں سے بابری مسجد کے بارے میں پوچھا کہ وہ کہاں پر تھا اور کیا وہ اس جگہ کو دیکھ سکتا ہے۔ اس سوال نے سیکورٹی اہلکار کے ذہن میں شبہ پیدا کر دیا کہ کہیں یہ شخص کوئی غلط ارادہ سے تو ایودھیا نہیں پہنچا ہے۔ یہ سوچتے ہی سیکورٹی اہلکار نے مقامی پولیس کو خبر دی اور پھر خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں نے اس شخص سے پوچھ تاچھ شروع کر دی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بلال سے ہوئی ابھی تک کی پوچھ تاچھ میں اس نے جو کچھ بھی بتایا ہے وہ صحیح ہے اور کچھ بھی مشتبہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ لیکن پولیس اس سے مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے تاکہ ہر طرح سے اطمینان ہو جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلال مراد آباد کا رہنے والا ہے اور اس نے بتایا کہ وہ تین دن قبل ہی ایودھیا پہنچا ہے۔ بلال نے یہ بھی بتایا کہ وہ ’دعوتِ اسلامی‘ نامی ادارہ کا کارکن ہے اور اس نے اپنے ادارہ کے کارکنوں سے بابری مسجد کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے بتایا کہ اب وہاں مندر بن رہا ہے۔
حراست میں لیے گئے بلال کا کہنا ہے کہ وہ اس جگہ کو دیکھنا چاہتا تھا جہاں بابری مسجد تھی۔ ایودھیا پہنچنے کے بعد اس نے وہاں تعینات سیکورٹی اہلکار سے ہی پوچھ لیا کہ بابری مسجد کہاں تھی؟ جانکاری کے مطابق بلال نے سیکورٹی اہلکاروں سے جب یہ سوال پوچھا کہ کیا وہ بابری مسجد والی جگہ دیکھنے جا سکتا ہے، تو انھیں شبہ ہوا جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے رام جنم بھومی تھانہ میں خبر دی اور بلال کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×