عالمی خبریں

متحدہ عرب امارات میں 6ماہ کے بعد کووِڈ-19 کے 2200 سے زیادہ نئے کیسوں کی تشخیص

متحدہ عرب امارات میں چھے ماہ کے بعد پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے سب سے زیادہ یومیہ کیس سامنے آئے ہیں اوربدھ کے روز2200 سے زیادہ تشخیص شدہ کیس سامنے آئے ہیں۔
وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 2234 کیسوں کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے کروناوائرس کا شکار775 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔یہ تعداد منگل کو رپورٹ ہونے والے 1846 کیسوں سے کوئی چار سو زیادہ ہے۔
حالیہ ہفتوں میں یواے ای میں کیسوں میں سست رفتاری سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن آخری بار متحدہ عرب امارات میں 29 جون کو 2184 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔اس کے بعد یومیہ کیسوں کی تعداد بتدریج کم ہوگئی تھی اور دسمبر کے اوائل میں یومیہ کیسوں کی تعداد پچاس سے بھی کم رہ گئی تھی۔
یواے ای کے دارالحکومت ابوظبی کے حکام نے ایک روز قبل امارت میں داخل ہونے والوں کے لیے نئے سرحدی قواعدوضوابط کا اعلان کیا تھا۔
امارت کی ایمرجنسی، کرائسیس اور ڈیزاسٹرزکمیٹی کے مطابق ابوظبی میں آنے والے افراد کوالحوسن ایپ پر ویکسین لگوانے کا گرین پاس دکھانا ہوگا جبکہ جن لوگوں کو ویکسین نہیں لگی ہے،انھیں آمد کے وقت گذشتہ 96 گھنٹے میں لیا گیا منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔
نئے قواعد جمعرات سے نافذالعمل ہوں گے۔یہ قواعد موجودہ حفاظتی پروٹوکول کے علاوہ ہیں۔ان میں ای ڈی ای اسکینر بھی شامل ہے۔ان کا مقصد کووڈ-19 کے پھیلاؤ کوروکنا ہے۔
اس اسکینرٹیکنالوجی سے ممکنہ کووڈ-19 انفیکشن کے سکرین اور فوری نتائج فراہم ہوتے ہیں۔اسکینرایک فاصلے پرچلائے جاتے ہیں اور یہ عوامی مقامات کے داخلی راستوں یا دروازوں سمیت بڑے پیمانے پر اسکریننگ کے لیے مؤثر ہیں۔
امارات ابوظبی میں اس کے علاوہ احتیاطی تدابیر کے طور پرتعلیمی سال کی نئی مدت کے پہلے دو ہفتوں کے لیے فاصلاتی تدریس پر دوبارہ عمل درآمد کیا جائے گا۔ابوظبی کے میڈیادفترنے منگل کو اعلان کیا کہ اس فیصلے کا اطلاق امارت کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں بشمول تربیتی اداروں، کالجوں اور یونیورسٹیوں پر ہوگا اور ان کی آن لائن کلاسیں ہوں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing