احوال وطن
چنئی سمیت تمل ناڈو کے چار اضلاع میں 12؍دنوں کا سخت لاک ڈاؤن نافذ ہوگا: وزیر اعلی پلانی سوامی

تمل ناڈو: 15؍جون (عصر حاضر) تمل ناڈو میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے کیسوں کے یش نظر ریاستی دارالحکومت چنئی اور اس سے ملحق تین اضلاع میں 19 سے30 جون تک سخت پابندیوں کے ساتھ مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ای کے پلانی سوامی نے آج اس سلسلے میں اعلان کیا۔ انہوں نے کورونا وائرس پر ریاستی کابینہ اور خصوصی طبی پینل کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد لاک ڈاون میں سختی برتنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل پیر کو ہیلتھ ایکسپرٹ (طبی ماہرین) کی کمیٹی نے وزیراعلیٰ پلانی سوامی سے کووڈ -19 اور لاک ڈاون کو لے کر بات چیت کی تھی۔ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پلانی سوامی کو مشورہ دیا تھا کہ چنئی میں کورونا وائرس کو بڑھنے سے روکنے کے لئے سخت لاک ڈاون لگائے جانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پلانی سوامی نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان میٹنگ میں ہوئی بات چیت کی بنیاد پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ ، 2005کے تحت 19 جون کی صبح تا 30؍جون تک 12 روز کا سخت لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ واضح رہے کہ چنئی (Chennai) اور اس کے شہر سے باہر کے ریائشی علاقوں میں کورونا وائرس انفیکشن کے بڑھ رہے معاملوں کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مدراس ہائی کورٹ (Madras High court) نے 11 جون کو تمل ناڈو حکومت سے سوال کیا تھا کہ عالمی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کچھ دنوں کے لئے مضافات میں مکمل طور پر لاک ڈاون نہیں کیا جاسکتا۔