سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 8؍جولائی کو ہوگا
ریاض: سعودی رؤیت ہلال کمیٹی نے ذوالجہ 1443 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے چیف ماہر فلکیات عبداللہ خدیری نے اجلاس کی سربراہی کی جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کا اعلان کیا گیا۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق چاند نظر آنے کے بعد یکم ذوالحجہ 30 جون بروز جمعرات جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 8 جولائی کو ادا کیا جائے گا جس کے بعد 9 جولائی کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔
سپریم کورٹ نے اس سے قبل مملکت سعودی عرب کے تمام مسلمانوں سے ذی الحجہ کا چاند 30 ذی القعدہ 1443 ہجری بمطابق 29 جون 2022 کو بدھ کی شام کو دیکھنے کی اپیل کی تھی۔
دریں اثنا، متعدد مسلم ممالک نے بدھ کی شام کو ذوالحجہ کا چاند نظر آنے پر 9 جولائی یا 10 جولائی کو عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کیا۔ بیشتر عرب اور مسلم ممالک میں عید الاضحیٰ کا پہلا دن 9 جولائی کو ہوگا جبکہ جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک میں 10 جولائی بروز اتوار عیدالاضحی منائی جائے گی۔
سب سے زیادہ آبادی والے مسلم ملک انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی نے بدھ کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر نہ آنے کے پیش نظر عید الاضحیٰ اتوار کو منانے کا اعلان کیا۔ ان ممالک میں ذوالحجہ کا مہینہ جمعہ سے شروع ہوگا۔