ریاست و ملک

جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے نومنتخب ذمہ داران نے اپنے اپنے عہدوں کا جائزہ لیا

دیوبند،20؍ اکتوبر(سمیر چودھری)ایشیاء کی ممتاز دینی درسگاہ جامعہ مظاہرعلوم سہارنپور کی مجلس شوریٰ کے ذریعہ گذشتہ دنوں شیخ الحدیث مولانا محمد عاقل سہارنپوری کو مدرسہ کا ناظم اعلیٰ اور مفتی سید محمدصالح سہارنپوری ومولانا سید محمد جعفر سہارنپوری کو مدرسہ کا نائب ناظم متعین کیا تھا ۔آج مدرسہ کے دارالاہتمام میں ناظم اعلیٰ اور دونوں نائبین اپنی اپنی نشستوں پر پہلی مرتبہ پہنچے ۔اس دوران مدرسہ کے سکریٹری و مشہور عالم دین مولانا سید محمد شاہد الحسنی کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں سب سے پہلے مولانا سید محمد سلمان ؒ سابق ناظم مظاہرعلوم کے لئے ایصال ثواب کیا ۔ بعد ازاں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد شاہد الحسنی نے مظاہرعلوم سہارنپور کے اکابر کے امتیاز اور ان کے تقویٰ و طہارت سے مزین زندگی پر بصیرت افروز روشنی ڈالی اور اس ضمن میں بغیر کسی تحدید کے مظاہرعلوم کے اکابر ثلاثہ (مولانا خلیل احمد مہاجر مدنیؒ،مولانا شاہ اسعداللہ رامپوریؒ اور مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی ؒ)کے واقعات اور علم و فضل میں ان کے تفوق اور نشان امتیاز کو بیان کرتے ہوئے حاضرین سے اپیل کی کہ ان اکابر کے نقوشِ حیات کو نشان راہ بنایا جائے ،فتنوں اور آزمائشوں کے اس دور میں اہل اللہ اور بزرگان دین کی زندگی کو مشعل راہ بنانے ہی میں عافیت ہے ۔اس موقع سے مولانا شاہد الحسنی نے باقاعدہ شوریٰ کے اس اہم فیصلہ کا اعلان بھی کیا ۔مدرسہ کے ناظم اعلیٰ شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل سہارنپوری نے خصوصیت سے یہ بات کہی کہ کوئی بھی ادارہ یا تنظیم اسٹاف اور عملہ کے تعاون کے بغیر نہیں چل سکتا ،اس لئے تمام اساتذہ و ملازمین مدرسہ کو باہمی تعاون اور خلوصِ نیت سے ہی سے کام کرنے میں فائدہ اوراسی میں اللہ نے خیر رکھی ہے ۔ نائب ناظم مولانا سید محمد جعفر کی دعاء پر اس مجلس کا اختتام ہوا ۔ اس موقع پر مفتی مقصود احمد،مفتی محمدطاہر،مفتی محمد صالح،مولانا حفظ الرحمن،مولانا سید جنید،مولانا عبداللہ خالد خیر آبادی،مفتی شعیب احمد وغیرہ اساتذہ و ملازمین موجودرہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×