احوال وطن

نتیش کمار این پی آر پر روک لگائیں‘ این آر سی اور شہریت قانون پر روک لگانے کے بہانے عوام کو گمراہ نہ کریں

پٹنہ: 24؍فروری (ذرائع) بہار کی راجدھانی پٹنہ کی نصف درجن سے زیادہ مذہبی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داروں نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے این پی آر پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ۔ سماجی تنظیموں کے تمام ذمہ داروں نے حکومت کو دو ٹوک انداز میں اپنا مطالبہ رکھا کہ اگر اس تعلق سے حکومت کوئی کاروائی نہیں کرتی اور این پی آر پر روک نہیں لگاتے  تو آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حکومت کواس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ این پی آر اور این آر سی لاگو نہ کرنے کی بات کرکے عوام کو گمراہ کرنے کا کام اب بند کریں اور این پی آر پر فوری طور پر روک لگائیں۔

لوک تانترک جن پہل کے کنوینر ستیہ پال نارائن مدن کے مطابق حکومت کو عدالت جانے کا قانونی اختیار ہے ، لیکن نتیش کمار سیاسی اعلان کر کے اس سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف سیاسی اعلان سے ہم لوگ خوش نہیں ہوں گے ۔ نتیش کمار اگر واقعی اس سلسلے میں سنجیدہ ہیں ، تو عملی طور پر اس قانون کے خلاف عدالت جائیں ۔ ادھر خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ پٹنہ سٹی کے سجادہ نشین مولانا ڈاکٹر سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی نے کہا کہ ہم لوگوں نے پہلے سے این پی آر کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔ دربھنگہ میں 23  فروری کو وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ این پی آر پرانے فارمیٹ یعنی 2010 کے مطابق ہونا چاہئے ۔ اگر اس تعلق سے حکومت سنجیدہ ہے ، تو پھر عوام کو گمراہ کرنے کی بجائے عملی اقدامت کرے ۔

پریس کانفرنس میں امارت شرعیہ بہار، جمیعت علماء بہار، جماعت اسلامی، خانقاہ مجیبیہ، لوک تانترک جن پہل، خانقاہ منعمیہ، خانقاہ شاہ ارزانی، جمیعت اہل حدیث، مجلس خطبا و امامیہ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ، بہار رابطہ کمیٹی نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کے خلاف بہار کے مختلف ضلعوں میں خواتین کا احتجاج جاری ہے۔ ملک کا یہ پہلا قانون ہے ، جس کو لے کر اتنے بڑے پیمانے پر عوامی تحریک چلائی جا رہی ہے ۔ عوام کے احتجاج کے باوجود این پی آر کا عمل شروع ہونے والا ہے ۔ این پی آر، این آر سی کی ہی شروعات ہے ، ایسے میں ریاستی حکومت پر بھی سوال کھڑا ہوگیا ہے ، جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کہتے رہے ہیں کہ این آر سی لاگو نہیں ہوگا ۔

این پی آر کے معاملہ پر مذہبی تنظیموں کی ناراضگی کھل کر سامنے آرہی ہے ۔ مسلکی اختلافات بھول کر اب وہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہورہے ہیں ۔ پٹنہ میں مذہبی و ملی تنظیموں کے رہنماؤں نے این آر سی کے خلاف موجودہ بجٹ اجلاس میں تجویز پاس کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ اگر اس تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تو وہ این پی آر کا مکمل بائیکاٹ کریں گے ۔

پریس کانفرنس میں امارت شرعیہ بہار، جمیعت علماء بہار، جماعت اسلامی، خانقاہ مجیبیہ، لوک تانترک جن پہل، خانقاہ منعمیہ، خانقاہ شاہ ارزانی، جمیعت اہل حدیث، مجلس خطبا و امامیہ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ، بہار رابطہ کمیٹی نے شرکت کی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×