احوال وطن

صدارتی انتخاب: این ڈی اے نے دروپدی مرمو کو بنایا اپنا اُمیدوار تو اپوزیشن نے یشونت سنہا کے نام کا کیا اعلان

نئی دہلی : صدارتی انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے اتحاد کے امیدوار کے نام پر غور و خوض کیلئے منگل کو بی جے پی کے صدر دفتر میں پارٹی کی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوئی ۔ میٹنگ کے بعد جے پی نڈا نے اعلان کیا کہ جھارکھنڈ کی سابق گورنر دروپدی مرمو این ڈی اے کی جانب سے صدر کے عہدہ کی امیدوار ہوں گی۔ نڈا نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں تقریبا 20 ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آدیواسی خاتون لیڈر مرمو کے نام پر مہر لگی ۔ خیال رہے کہ صدارتی انتخاباتی کیلئے اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے مشترکہ امیدوار کے طور پر سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو میدان میں اتارا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ، بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سمیت پارلیمانی بورڈ کے دیگر اراکین میٹنگ میں موجود تھے ۔
غور طلب ہے کہ موجود صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کی مدت کار 24 جولائی کو ختم ہوری ہے ۔ اپوزیشن امیدوار کے طور پر سنہا کے نام کا اعلان ہونے کے بعد اگلے صدر کے انتخاب کیلئے 18 جولائی کو ووٹنگ اب طے مانی جارہی ہے ۔ صدارتی انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل جاری ہے ۔ 29 جون پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔
غور طلب ہے کہ صدارتی انتخابات میں تعداد کی طاقت کی بنیاد پر این ڈی اے مضبوط پوزیشن میں ہے اور اس کو اگر بی جے ڈی یا آندھرا پردیش میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس جیسی پارٹیوں کی حمایت مل جاتی ہے تو اس کی جیت یقینی ہوجائے گی ۔
صدارتی انتخاب 2022 سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں امیدوار کا نام طے ہو گیا ہے اور سبھی پارٹیوں نے متفقہ طور پر یشونت سنہا کو بی جے پی امیدوار کے سامنے کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ بی جے پی کی طرف سے فی الحال کسی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن امید کی جا رہی ہے کہ آج شام ہونے والی بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں کسی ایک نام پر مہر لگ جائے گا۔
اپوزیشن پارٹیوں کی آج ہوئی میٹنگ میں جئے رام رمیش، سدھیندر کلکرنی، دیپانکر بھٹاچاریہ، شرد پوار، ڈی راجہ، تروچی شیوا، پرفل پٹیل، یچوری، این کے پریم چندرن، منوج جھا، ملکارجن کھڑگے، رندیپ سرجے والا، حسنین مسعودی، ابھشیک بنرجی اور رام گوپال یادو وغیرہ شامل تھے۔ اے آئی ایم آئی ایم رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ گزشتہ میٹنگ میں اے آئی ایم آئی ایم کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اس لیے وہ نہیں آئے تھے۔
بہرحال، ملک کے نئے صدر جمہوریہ کا انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے امیدوار بنائے گئے یشونت سنہا 27 جون کی صبح 11.30 بجے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ منگل کے روز اپوزیشن کی میٹنگ میں جب ترنمول کانگریس نے یشونت سنہا کا نام آگے بڑھایا تو 19 اپوزیشن پارٹیوں نے اس پر اتفاق کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ میٹنگ سے قبل یشونت سنہا نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ترنمول کانگریس نے انھیں جو عزت اور احترام دیا ہے، اس کے لیے ممتا بنرجی کا شکرگزار ہوں۔ ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے جب ایک بڑے قومی مقصد کے لیے مجھے پارٹی سے ہٹ کر اپوزیشن اتحاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ پارٹی میرے اس قدم کو قبول کرے گی۔‘‘ دراصل یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس معاملے میں پارٹی کے اہم لیڈروں سے صلاح و مشورہ لینے کے بعد یشونت سنہا نے یہ فیصلہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×