احوال وطن

پنجاب میں جیو کے دو ہزار ٹاوروں میں توڑ پھوڑ‘ مواصلاتی نظام شدید متأثر‘ دیڑھ کروڑ صارفین کو دشواری کا سامنا

نئی دہلی: 30؍دسمبر (عصرحاضر) مرکزی حکومت کے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران ٹیلی کام ٹاوروں میں توڑ پھوڑ سے مواصلاتی نظام شدید متأثر ہوا۔ جس کی وجہ سے تقریبا 1.5 کروڑ صارفین کو بہت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کورونا بحران میں گھر سے پڑھائی کر رہے اسٹوڈنٹس اور ’ورک فرم ہوم‘ پروفیشنلز سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ ریلائنس جیو کچھ ٹاوروں کی تیزی سے مرمت کر رہا ہے جو پچھلے کچھ دنوں میں توڑ پھوڑ کے سبب تباہ ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل شام یعنی منگل کے روز 826 سائٹس ڈاؤن تھیں۔ ریاست میں جیو کے پاس نو ہزار ٹیلی کام ٹاورز ہیں۔ ستمبر 2020 میں ریلائنس انڈسٹریز نے جیو کے ٹیلی کام ٹاور کے زیادہ تر اثاثوں کو کینیڈا کے بروک فیلڈ انفراسٹرکچر پارٹنرز ایل پی کو فروخت کر دیا تھا۔ یہ معاہدہ 25215 کروڑ میں ہوا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو کسان ٹاوروں کو ریلائنس جیو کا سمجھ رہے ہیں، حقیقت میں اس میں کینیڈا کے بروک فیلڈ کی بھی اس میں حصہ داری ہے اور اس توڑ پھوڑ کا نقصان بروک فیلڈ کو بھی ہوگا۔
آج کسانوں کے مظاہرے کا 35 واں دن ہے، جبکہ آج حکومت کے ساتھ مذاکرات کا ساتواں دور تھا۔ ان سب کے درمیان ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی یہ احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوتی جارہی ہے۔ پہلے ریل اور سڑکوں کو روکا جا رہا تھا، لیکن اب آہستہ آہستہ توڑ پھوڑ کے واقعات میں بھی اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) کے مطابق پنجاب میں تین اعشاریہ نو کروڑ موبائل صارفین ہیں۔ ان میں سے ریلائنس جیو کے مطابق اس کے تقریبا 1.5 ڈیڑھ کروڑ صارفین ہیں۔

پنجاب میں ریلائنس سے ناراض کسانوں کی کارروائی سے جیو کے لگ بھگ 2000 موبائل ٹاورز کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کے انتباہ کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ منگل کے روز سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی او آئی اے) نے بھی ٹاوروں میں توڑ پھوڑ سے کنکٹی وٹی کا سسٹم خراب ہوجانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ خیال رہے سی او اے آئی ریلائنس جیو ، ایئرٹیل اور ووڈافون آئیڈیا کمپنیوں کی نمائندہ ایسوسی ایشن ہے۔

چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ کا انتباہ اور کسان تنظیموں کی اپیلیں بے اثر ثابت ہوئی ہیں۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی مشترکہ ایسوسی ایشن ایئرٹیل، ووڈا آئیڈیا اور ریلائنس جیو اور ٹاور کمپنیوں کی ایسوسی ایشن، ٹاور اینڈ انفراسٹرکچر پرووائڈر ایسوسی ایشن ( ٹی اے آئی پی اے ) نے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب میں ٹاور کو نقصان نہ پہنچائیں۔ وزیر اعلی کی سخت کارروائی کے انتباہ کے باوجود توڑ پھوڑ جاری ہے۔ سرکاری احکامات کی واضح کمی بھی نظر آرہی ہے۔ تاہم، پولیس یقینی طور پر حرکت میں آگئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×