نیویارک کے قلب ٹائمز اسکوائر پر پہلی مرتبہ ایک ہزار سےزائد مسلمانوں نے ادا کی نمازِ تراویح
نئی دہلی : رمضان المبارک کا مقدس مہینہ چل رہا ہے اور دنیا بھر میں مسلمان روزہ اور عبادات مصروف ہیں ۔ اسی سلسلہ میں نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر ماہِ صیام کے آغاز پر تقریباً ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کو روزہ افطار کرایا گیا اور ساتھ ہی پہلی تراویح بھی ادا کی گئی۔ منتظمین نے امریکہ سمیت مونٹریال اور کینیڈا سے آئے مسلمانوں میں سب سے پہلے افطار کے لیے 1500 باکس تقسیم کیے ۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب ٹائمز اسکوائر پر مسلمانوں کے لیے اس قسم کا مذہبی اجتماع نظر آیا۔
قابل ذکر ہے کہ ٹائمز اسکوائر کو نیویارک کا قلب مانا جاتا ہے ،جہاں روشنیوں کا سیلاب ہوتا ہے جبکہ اشتہاری ویڈیو وال سے پورا علاقہ جگمگاتا رہتا ہے ،ساتھ ہی میوزک کا شور بھی رہتا ہے۔ ٹائمز اسکوائر پر پہلی بار نماز تراویح کو سوشل میڈیا پر پہلے روزے کو نشر کیا گیا۔
Muslims take up Times Square, New York for taraweeh prayer. pic.twitter.com/XzTR7muieI
— Muslim (@Muslim) April 3, 2022
ٹائمز اسکوائر پر تراویح اور افطار کا اہتمام کرنے والی مسلم انتظامیہ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ ہم یہاں ان تمام لوگوں کو اپنے مذہب کی وضاحت کرنے کے لیے آئے ہیں جو نہیں جانتے کہ اسلام کیا ہے،اسلام امن کا مذہب ہے ۔
وہیں امریکہ میں بین المذاہب تعلقات کو بہتر بنانے کے بارے میں امید کی بات کرتے ہوئے تقریب کے شریک منتظم علی کامارا نے کہا کہ آپ ان لوگوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ہم سب واقعی ایک ہیں۔ اللہ نے مجھے دعوتی تقریب منعقد کرنے کی ترغیب دی، جو نہ صرف مسلمانوں کو اکٹھا کرے گا بلکہ غیر مسلموں کو یہ بتائے گا کہ رمضان کیا ہے، ہم کیوں روزہ رکھتے ہیں اور انہیں بنیادی طور پر اسلام کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔
اس تقریب کا اہتمام مسلمان کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا تھا ، جس کی سوشل میڈیا پر تشہیر "ٹائمز اسکوائر میں پہلی بار نماز تراویح” کے طور پر کی گئی ۔ یہ پہلا موقع تھا جب اس قسم کا مذہبی اجتماع دیکھنے کو ملا ہے ۔