احوال وطن

مدھیہ پردیش میں شرپسندوں کے حوصلہ عروج پر

بھوپال: 29؍اگست (عصرحاضر) مدھیہ پردیش کے ضلع اجین گاؤں میں ایک مسلم کباڑ بیچنے والے عبدالرشید کو شرپسندوں نے ‘جے شری رام’ کا نعرہ لگانے کے لیے مجبور کیا۔ ابھی چند دنوں قبل ہی اندور شہر میں ایک مسلم نوجوان کو ہجوم نے بری طرح مارا پیٹا تھا، ابھی یہ معاملہ پوری طرح ٹھنڈا بھی نہیں ہوا کہ پھر اجین کا ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
اس ویڈیو میں ایک مسلم کباڑ بیچنے والے شخص کو دو شرپسندوں کے ذریعہ ‘جے شری رام کے نعرے لگوانے پر مجبور کیا جارہا ہے’ ساتھ ہی اسے دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں’۔یہ وائرل ویڈیو اجین سے 60 کلومیٹر دور محد پور تحصیل کے جھنڈا تھانہ علاقے کا بتایا جارہا ہے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علاقے میں بے چینی کا ماحول ہے، ایس ڈی او پی نے بتایا کہ ‘گاؤں کے دو شرپسندوں نے عبدالرشید کو روک کر زبردستی جے شری رام کے نعرہ لگانے پر مجبور کیا ہے’۔ایس ڈی او پی نے بتایا کہ ‘ویڈیو گردش کرنے کے بعد عبدالرشید اور اس کے حامی تھانے پہنچے ہیں اور ان شرپسندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، جہاں سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہم مناسب اور سخت کارروائی کریں گے۔وہیں اس تعلق سے عبدالرشید نے بتایا کہ’ میں سالوں سے اسکریپ کے کاروبار سے جڑا ہوں مگر جب میں اس گاؤں میں پہنچا تو گاؤں کے کچھ شرپسندوں نے مجھے روک کر زبردستی جے شری رام کے نعرے لگوائے اور دھمکی دی کہ دوبارہ اگر لوٹے تو گولی مار دیں گے’۔
آپ کو بتادیں کہ مدھیہ پردیش میں ان دنوں شرپسندوں کے ذریعے لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے واقعات میں کافی اضافہ ہورہا ہے، کچھ دنوں پہلے ایک مسلم چوڑی بیچنے والے نوجوان کو بھی پیٹا گیا تھا، وہیں آج نیمچ ضلع میں کچھ لوگوں نے ایک آدیواسی نوجوان کو بھی گاڑی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا اور اس کی شدید پٹائی کی یہاں تک کہ علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔ اور پھر اب اجین میں عبدالرشید کو بھی شرپسندوں نے اپنے تشدد کا نشانہ بنایا جو کہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا معاملہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×