مجلس اتحاد المسلمین کے قومی ترجمان وارث پٹهان کے منھ پر سیاہی پوت دی گئی
اندور: یکم؍فروری (عصرحاضر) مجلس اتحاد المسلمین ایم آئی ایم کے قومی ترجمان وسابق ایم ایل اے وارث پٹھا کے منھ پر اندور میں سیاہی پوتنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ ایم آئی ایم کے قومی ترجمان وارث پٹھان کے ساتھ یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب وہ ممتاز صوفی بزرگ حضرت نہار شاہ ولی کی درگاہ پر حاضری دینے اور چادر پیش کرنے کے بعد پارٹی کارکنان کے ساتھ آستانہ عالیہ سے باہر آئے تو بھیڑ میں ایک شخص ان کے پاس پہنچا اور اس نے ان کے منھ پر سیاہی پوت دی۔ سیاہی پوتنے والے نے اتنی تیزی سے اپنے کام کو انجام دیا کہ جب تک لوگ سمجھتے تب تک وہ بھیڑ سے باہر نکل گیا۔ایم آئی ایم کے قومی ترجمان کے منھ پر سیاہی پوتنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پارٹی کارکنان میں کافی ناراضگی ہے اور انہوں نے اس معاملہ کو لیکر پولیس تھانہ میں رپورٹ بھی درج کروائے جانے کی خبر سامنے آئی، لیکن اس معاملے پر اب وارث پٹھان کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ایم آئی ایم کے سابق ایم ایل اے و قومی ترجمان وارث پٹھان کہتے ہیں کہ میں درگاہ حضرت نہارشاہ ولی پر چادر پیش کرنے گیاتھا۔ بزرگان دین سے مجھے خاص عقیدت ہے۔ لوگ میرے ساتھ گئے تھے میں لوگوں سے دعائیں لیتا ہوں اور لوگ مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ کوئی آتا ہے ہاتھ ملاتا ہے کوئی کاجل کا ٹیکہ لگاتا ہے تاکہ مجھے بری نظر نہیں لگے جب ان سے پوچھا گیا کہ منھ پر سیاہی لگانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے تو وارث پٹھان نے جواب دیا کہ یہ سب کچھ نہیں ہے۔ میں محبت کا شیدائی ہوں اور لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔
مجبت کرنے والوں سے اگر کچھ لوگ ایسا سلوک کرتے ہیں تو اسے در گزر کرکے آگے بڑھنا چاہئے ۔ مجلس اتحاد المسلمین پورے ملک میں چناؤ لڑے گی اور یہاں مدھیہ پردیش میں بھی ہماری پارٹی کی ٹیم پوری مضبوطی سے کام کر رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ مدھیہ پردیش کے عوام ایم آئی ایم کو اپنی دعاؤں سے نوازیں گے۔
وہیں اندور ڈی سی پی سمپت اپادھیائے کہتے ہیں کہ صدام نام کے شخص نے ایم آئی ایم لیڈر کے منھ پر پتیلے کا کالکھ لگانے کی کوشش کی تھی۔اس معاملہ کو لیکر ایک درخواست دی گئی ہے ۔پولیس پورے معاملہ کی تفتیش کر رہی ہے اور جو بھی قانونی کاروائی ہوگی اس کے خلاف کی جائے گی۔
Mashallah