احوال وطن

ممبئی کے آزاد میدان میں سیاہ قوانین کے خلاف انسانی سروں کا سمندر

ممبئی: 15/فروری (ذرائع) ممبئی کے آزاد میدان میں ترنگا لہراتے ہوئے آزادی آزادی کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف انسانی سروں کا سمندر امڈ پڑا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی تھامے ہوئے تھے جس پر سیاہ قوانین کے خلاف نعرے تحریر تھے۔ آزاد میدان میں اس قدر مجمع تھا کہ میدان اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کرنے لگا اور ریلوے اسٹیشن تک عوام کا سیلاب نظر آرہا تھا ۔ الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی اور این آرپی کے صدر جسٹس کولسے پاٹل نے اپنے صدراتی خطبہ میں کہا کہ جب عوام بیدار ہوتے ہیں ، تو سرکار گھٹنے ٹیکنے پرمجبور ہو جاتی ہے ۔ امت شاہ پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ یکم اپریل کو این آ ر پی کیلئے جب سروے والے آئیں گے ، تو ہم پوچھیں گے کہ مودی کی ڈگری تو دکھاؤ ۔
احتجاج میں شامل اہم شخصیات نے مہاراشٹر میں این پی آر کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر نہ صرف برہمی کا اظہار کیا بلکہ ڈاکٹر راکیش راٹھوڑ نے بھی اس احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کیا ۔ الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کے اہم رکن مجتبی فاروق نےاس احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے اپنی لڑائی میں شدت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس ملک میں فرقہ پرستی عروج پر ہے اور اسی لئے یہ کالا قانون لایا گیا ہے جو واپس لینا ہوگا ۔ سماجی کارکن ٹیسٹا سیتلواد نے بھی اس سیاہ قانون کی مخالفت کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ یہ قانون صرف مسلمانوں کے خلاف نہیں ، بلکہ ہر ہندوستانی کے خلاف ہے ، اس لئے ہمیں اس کے خلاف متحد ہو کر لڑائی لڑنی ہوگی ۔ یہ لڑائی بہت طویل ہو گی ۔ مسلم پرسنل لابورڈ کے رکن قاسم الیاس رسول ، فلم اداکار ششانت سنگھ اور مولانا خالد اشرف نے بھی مجمع سے خطاب کیا اور این آرسی ، این پی آر اور سی اے اے کی مخالفت کرتے ہوئے اس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×