احوال وطن

مہاراشٹرا پولیس میں 12؍ہزار سے زائد بھرتیاں ہوں گی

ممبئی: 18؍جولائی (محی الدین لطیف نیوز18) کورونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے لاکھوں افراد بےروزگار ہوچکے ہیں، ایسے میں ریاست مہاراشٹرا میں محکمۂ پولیس نے 12 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست مہاراشٹر میں محکمہ داخلہ نے 12 ہزار 538  پولیس کے مختلف زمروں میں تقرری کو دسمبر تک مکمل کرنے کی منظوری دی ہے ۔

وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ اس پر فوری طور پر کارروائی کر کے خالی جگہوں پر تقرریاں کی جائیں ۔ ایک اہم میٹنگ میں محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل سکریٹری سیتا رام کنٹے ، محکمہ کے سکریٹری نتن گدرے ، ڈی جی پی سبودھ کمار جیسوال اور محکمہ خفیہ کے سر براہ موجود تھے ۔

میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریاست میں نظم و نسق کو برقرار رکھنا پولیس محکمہ کی اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے ، اس لئے اس میں پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے ۔ ان خالی جگہوں پر سو فیصدی تقرری کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 2019 میں پولیس اہلکاروں کی 5297  تقرری ہوئی تھی ۔  2020 میں کئی پولیس اہلکار سبکدوش بھی ہوئے ہیں ، ان جگہوں پر تقرری ضروری ہے ۔

پولیس اہلکاروں کی تقرری میں سپاہی ، ڈرائیور اور مسلح فورس میں بھرتی ہوگی ۔ ان خالی اسامیوں کی تعداد 6726 ہے ۔ پہلے مرحلہ میں 975 عہدوں کیلئے سپاہیوں کی ضرورت ہے ۔ اس طرح کل 12538 عہدوں کیلئے بھرتی کی جائے گی ۔ 2019 میں پولیس بھرتی کیلئے درخواست دینے والوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی ۔

یہ درخواستیں مہا آئی ٹی پورٹل سے وصول کی جائیں گی ۔ پولیس سپاہی عہدہ کیلئے  بھرتی کیلئے تحریری امتحان ، جسمانی تربیت ، کاغذات کی جانچ و دیگر مراحل شامل کئے گئے ہیں ، جس پر عمل آوری کے بعد ہی تقرری کا عمل مکمل ہوگا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×