سیاسی و سماجی

کبھی مایوس مت ہونا

اللہ تعالی نے انسان کو اپنی تخلیق کا شاہکار بنایا ہے، فتبارک اللہ احسن الخالقین۔(المؤمنون:۱۴) "بڑی برکت والا ہے اللہ سب سے بہتر بنانے والا ہے۔” اللہ تعالی نے اپنی تخلیق کے اس شاہکار کو مختلف صفات کا مجموعہ بنایا اور قرآن میں مختلف مواقع پر اس کا تذکرہ فرمایا: وکان الانسان عجولا۔(الاسراء:۱۱) "اور انسان بڑا جلد باز ہے۔” و خلق الانسان ضعیفا۔(النساء:۲۸) انسان بڑا کمزور بنایا گیا ہے۔”
اس وقت جبکہ دنیا Covid-19 کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے دنیا کی بیشتر آبادی 87,617 جانیں جانے 14,96,335 افراد کے اس وبا کے شکار ہوجانے کے باوجود بھی مایوسی کے بغیر انسانوں کو بچانے اور اس وبا کو شکست دینے کے لیے مسلسل کوشش میں لگی ہوئی ہے، اللہ تعالی ان کی کوششوں کو کامیاب فرمائے اور انسانیت سے اس وبا کو ہمیشہ کے لئے ختم فرمادے، مذکورہ بالا باحوصلہ لوگوں کی بےتکان خدمات کو دیکھتے ہوئے بھی ہم میں ایک مختصر سا طبقہ اس مصیبت کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہورہا ہے، اس کے نتیجہ میں خودکشی کے ذریعہ اپنی زندگی کو ختم کر رہا ہے، جس میں یورپین ممالک کے حکومت کے عہدیدار اور بڑے تاجرین بھی ہیں گرچہ ان کی تعداد بہت کم ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگ اپنی ملازمتوں، تجارتوں اور دیگر معاملات کو لیکر مایوسی کی نفسیات میں زندگی گذار رہے ہیں۔
اللہ تعالی قرآن مقدس اور اپنے پیغمبر محمد رسول اللہﷺ کے ذریعہ ہمیں اس بات کی تعلیم دی کہ جب اللہ کی نعمت ملے تو اس پر اللہ کا شکر ادا کرو، اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری کرو اور اگر کبھی مصیبت آئے تو صبر کرو، اللہ سے توبہ و استغفار کرو، اس مصیبت کے دور ہونے کے جو اسباب ہوسکتے ہیں انہیں اختیار کرو، اللہ سے دعا کرو کہ: ائے اللہ! ہمیں اس مصیبت سے نجات عطا فرما، یہ اللہ اور اس کے رسولؐ کا بتلایا ہوا طریقہ ہے، اس کے برخلاف نعمتوں پر ناشکرے و غافل ہوجانا، مصیبت میں مایوس ہوجانا، قرآن کے مطابق گمراہ لوگوں کا عمل و کافرانہ طریقہ ہے، اس لئے ہمیں کبھی امید کے دامن کو نہیں چھوڑنا چاہئے۔
ہم ایسے سبھی لوگوں سے اور خاص طور پر ایمان والوں سے گذارش کرتے ہیں کہ آپ مایوس ہرگز نہ ہوں، اس وباء اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے آپ کا کچھ نقصان ہوگیا اور کچھ کھو گیا ہے تو پریشان نہ ہوں بلکہ اس پر اللہ کا شکر ادا کریں کہ ہم زندہ اور صحت مند ہیں، یاد رکھیں کہ جب ہم اس دنیا میں آئے تھے تو کچھ نہیں تھا، سب اللہ ہی نے دیا تھا، اب کچھ کم ہوگیا یا ختم ہوگیا ہے تو پھر وہی اللہ ہمیں سب کچھ عطا کرسکتا ہے، اس لئے اللہ تعالی سے اچھی امید رکھیں، جو اسباب میسر ہیں ان کے ذریعہ کوشش کرتے رہیں اور دوسروں کو بھی ہمت دلائیں، ان سے کہیں کہ "مایوس مت ہونا، اندھیرا کتنا گہرا ہو” اور بتائیں کہ تاریک رات کے بعد روشن صبح ضرور آئے گی، اللہ تعالی اپنے بندوں سے غافل نہیں ہے وہ ضرور ان کی مدد کرے گا،
اللہ تعالی ہمیں اس سے اچھی امید رکھنے والوں میں شامل فرمائے۔۔۔آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×