مدینہ منورہ میں سلیمیہ آبشار سے بہتے پانی کے دلکش مناظر
مدینہ منورہ کے علاقے بدر گورنری میں مشہور سلیمیہ آبشاریں سیاحوں کی توجہ کامرکز رہتی ہیں۔ ان آبشاروں کی خوبصورتی تصور سے بھی زیادہ دلفریب ہے اور بارش کے موسم میں ان کا قدرتی حسن اور بھی نکھر جاتا ہے۔ ان آبشاروں کے دالفریب طلمساتی مناظرکو یادگار بنانے کے لیے سیاح اور فوٹو گرافر روایتی اور ڈرون کیمروں سے ان کی منظر کشی کرتے ہیں۔
منگل کے روزسعودی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کارپوریشن نے "تخلیقی فضائی شاٹس، مدینہ میں سلیمیہ آبشار کے شانداراور دلکش مناظر” کی ایک ویڈیو نشر کی، جسے فضائی فوٹوگرافر رائد العوفی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرپوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں شامل کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ان مناظرپر زبردست رد عمل سامنے آیا اور لوگوں نے اسے بہت زیادہ پسند کیا ہے۔
فوٹوگرافرالعوفی جو بارشوں اورفطرت حسین مناظرکے جنون کی حد تک شوقین ہیں نے’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ "میں نے عقیلہ العیاضات گاؤں کے شمال میں فضائی فوٹیج کے ذریعے اس دلکش منظر کی تصویر کشی کی۔ یہ علاقہ مدینہ منورہ کے شمال مشرق میں تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے اور سلیمیہ آبشار شعیب السلیمیہ کے سرے پر واقع ہے، جو المدینہ منورہ کے مشرق میں وادی الشقرہ کے معاون ندیوں میں سے ایک ہے۔
منظر کی خوبصورتی کے بارے میں العوفی نے کہا کہ یہ منظر فوٹوگرافی کے تمام شائقین کے لیے دلکش اور پُرکشش ہے جو سعودی عرب کے خوبصورت ترین مقامات کو دستاویزی شکل دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ آبشار کی شاندار شکل اس میں بہنے والے پانی کے بہاؤ کی شان کے بارے میں بتاتی ہے جو کہ اپنی خوبصورتی میں دنیا کی مشہور ترین آبشاروں سے کم نہیں ہے۔