احوال وطن

دورِ حاضر میں آپسی بھائی چارے کی سخت ضرورت: صدیق اللہ چودھری

دیوبند،30/ اکتوبر(سمیر چودھری) مغربی بنگال کے کابینہ وزیر صدیق اللہ چودھری نے کہا کہ ہم ہندوستانی ہیں اور ہندوستان ہمارا ملک ہے، اگر اس ملک سے محبت سے تو متحد ہوکر رہو کیوں کہ موجودہ حالات میں اگر کسی چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے تو وہ آپسی بھائی چارہ ہے۔ کل ہند رابطہ مدارس میں شرکت کرنے پہنچے کابینہ وزیر صدیق اللہ چودھری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سے اچھا کوئی اور ملک نہیں ہے، ہندو اور مسلمان دونوں ہی طبقے یہ جانتے ہیں کہ ان کے لئے کوئی دوسرا ملک نہیں ہے۔ اس لئے جو فرقہ پرست طاقتیں ملک کو توڑنے کی کوششیں کررہی ہیں اور ہمارے درمیان نفرت کی کھائی پیدا کررہی ہیں انہیں متحد ہوکر ہی منہ توڑ جواب دیا جاسکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ملک بھر میں اترپردیش میڈیا کی سرخیاں بنا رہتا ہے، یہا ں کے حالات سب سے زیادہ خراب ہیں۔ اترپردیش میں فرقہ پرستی میں اضافہ ہونا مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سیکولر ذہنیت کے افراد بہت زیادہ ہیں اگر فرقہ پرست طاقتوں کو ختم کرنا ہے تو ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ صدیق اللہ چودھری نے مدارس کے سروے پر کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے قانون میں سبھی کو مذہبی تعلیم حاصل کرنے کا حق دیا ہوا ہے۔ قانون ہی حق دیتا ہے کہ ہر کوئی اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزاریں، دینی ادارے بھی اسی قانون کے تحت تعلیم مہیا کرارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے نام پر مدارس کو بدنام کرنے کی سازشیں رچی جارہی ہیں لیکن سازش رچنے والوں کو اس میں کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔ صدیق اللہ چودھری نے ملک کے موجودہ حالات کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھائی چارہ، ایکتا کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ سے امن اور بھائی چارہ کا پیغام دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×