احوال وطن

فتح پور میں مولانا سلمان بجنوری کے ہاتھوں مکہ مسجد کا سنگ بنیاد

دیوبند،9/ دسمبر(سمیر چودھری)مدرسہ ضیاء العلوم فتح پوربھادوں میں مکہ مسجد کا سنگ بنیاد مہمان خصوصی دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری نقشبندی کے ہاتھوں عمل آیا۔ اس موقع پر مولانا سلمان بجنوری نے کہا کہ اللہ اپنے نیک بندوں سے ہی نیک کام کراتے ہیں، مسجد کی تعمیر وہی خوش نصیب لوگ کراتے ہیں جن سے اللہ راضی ہوتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ حدیث پاک میں ہے کہ جو اللہ تبارک وتعالیٰ کے لئے مسجد بناتا ہے اللہ تبارک وتعالیٰ اس کے لئے جنت میں گھر بناتا ہے اور مساجد کی تعمیر مسلمان کے ایمان کی علامت ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن پاک میں ارشا دفرمایا کہ مساجد کو تو وہی لوگ تعمیر کرتے ہیں جو ایمان رکھتے ہیں اللہ اور آخرت کے دن پر، بہرحال مسجدوں کی تعمیر اسلام میں محمود چیز ہے، یہ اس لئے بھی کہ مسلمان اور مسجد کا گہرا تعلق ہے۔ مومن کا وجود ہی بغیر مسجد کے مشکل ہے، جہاں ایمان والے ہوں گے وہاں مسجد ضرور ہوگی۔ مولانانے کہاکہ ہم مسجد کی خدمت جس اعتبارسے بھی کریں انتظامی ذمہ داری، امامت کی ذمہ داری، اذان کی دینے کی ذمہ داری، مسجدکی صفائی کی ذمہ داری یا مالی اعتبار سے ہم مسجد کی خدمت کررہے ہوں۔انہوں نے کہا کہ عملی اعتبار سے وہ نماز اورزکوٰۃ کے پورے پابندہوں اوران کے کردار کی بلندی کا یہ عالم ہوکہ وہ دین کے معاملے میں کسی سے خوفزدہ نہ ہوں اوررضائے الٰہی پر کسی کی خوشنودی کو ترجیح نہ دیں۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں مفتی ریحان قاسمی ڈایریکٹر مرکز صفۃ النبیؐ کاخصوصی تعاون رہا۔اس دوران محمد نسیم، قاری جاوید جامعی، حافظ محمد سالم، حافظ محمد مہربان، مدرسہ کے ناظم حافظ محمد مرتضی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مولانا عابد ندوی استاذ جامعہ ستاریہ فیض الرحیم کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام کی صدارت قاری محمد ساجد رشیدی نے کی،جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ابرار مظاہری نے انجام دئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×