ایم پی غلام علی کھٹانہ نے کیادارالعلوم دیوبند کادورہ
ذمہ داران دارالعلوم دیوبند سے ملاقات،جموں و کشمیر طلباء سے بھی گفتگو
دیوبند،24؍ دسمبر(سمیر چودھری) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ایم پی غلام علی کھٹانہ گزشتہ روز یہاں عالمی شہرت یافتہ دینی دانش گا دارالعلوم دیوبند پہنچے اور ذمہ داران سے ملاقات کی ۔ اس دوران ادارہ کے عہدیدان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔رکن پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ نے ادارہ کے مہمان خانہ میں ادارہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے جنگ آزادی میں دارالعلوم دیوبند اور علماء دیوبندکی قربانیوں، یہاں دی جانے والی تعلیم و تربیت،دارالعلوم دیوبند کی سنہری تاریخ اور طلباء کے رہن سہن ،کھانے پینے اور دیگر سہولیات کے متعلق معلومات لی۔بعد ازیں غلام علی کھٹانہ نے تاریخی لائبریری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاریخی کتابوں کو دیکھا اور ان کی دیکھ بھال کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ جدید و قدیم دارالحدیث سمیت مشہور مسجد رشیدیہ اور زیر تعمیر لائبریری کی بھی زیارت کی ۔ اس دوران رکن پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ نے جموں و کشمیر اور دیگر ریاستوں کے طلباء سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی، دارالعلوم کے مفتی ریحان قاسمی، ناظم کتب خانہ مولانا شفیق احمد، مولانا عبدالملک بجنوری اور ناظم مہمان خانہ مولانا مقیم الدین قاسمی سمیت دیگر موجودرہے۔