افکار عالم

سعودی عرب : ہر جگہ پر ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ عائد

جدہ: 29؍دسمبر (ذرائع) سعودی عرب میں کرونا کی وبا کے حوالے سے متعدد حفاظتی اقدامات کو دوبارہ سے لازم کر دیا گیا ہے جن میں چہرے پر ماسک لگانا سرفہرست ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کرونا کی نئی صورت ‘اومیکرون’ سے متاثر افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
آج بدھ کے روز سعودی وزارت داخلہ کے ذمے دار ذرائع نے بتایا کہ مملکت میں (بند یا کھلے) تمام مقامات پر اور سرگرمیوں اور تقریبات میں ماسک لگانے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی دوبارہ سے عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات 30 دسمبر کی صبح 7 بجے سے نافذ العمل ہو گا۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ نمازیوں اور زائرین میں سماجی فاصلے پر عملدر آمد کا آغاز کل جمعرات سے ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کے نشان دوبارہ لگائے جارہے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مطاف میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے پہلے کی طرح ٹریک بنائے جارہے ہیں‘۔
’اس مقصد کے لیے پورے مطاف میں زمین پر نشانات کے سٹیکر چسپاں کرنے کا عمل شرع ہوچکا ہے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’اسی طرح مصلوں کی دوبارہ تقسیم ہو رہی ہے تاکہ نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھا جائے‘۔
’تمام مصلوں میں بھی سماجی فاصلے پر عمل کرنے کے لیے سٹیکر چسپاں کئے جارہے ہیں‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’تمام زائرین کو ماسک کی پابندی کرنی ہوگی نیز مسجد الحرام میں موجودگی کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا‘۔

مملکت میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت صحت نے منگل کے روز اعلان میں بتایا کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ-19 کے 602 نئے کیسوں اور ایک فوتگی کا اندراج ہوا جب کہ 147 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوئے۔
سعودی وزارت تجارت نے دسمبر کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کی بوسٹر خوراک یکم فروری 2022ء سے بازاروں اور تجارتی مراکز و تنصیبات میں داخلے کے لیے لازمی شرط ہو گی۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے اکتوبر میں طبی حوالے سے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ مملکت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں واضح کمی کے بعد سامنے آیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×