افکار عالم

شہزادہ محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن ہاہو کی خفیہ ملاقات کی اطلاع سے دنیا بھر میں ہلچل

ریاض: 23؍نومبر (ذرائع) سعودی ولی عہد اور اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی خفیہ ملاقات کی خبروں سے دنیا بھر میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ اسرائیل کے آرمی ریڈیو اور کان ریڈیو، دونوں نے یہ اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسف میرکوہن نے تل ابیب سے نیوم کا خفیہ دورہ کیا ہے اور وہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی ہے۔ برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے بھی اس ملاقات کی اطلاع دی ہے۔ حالانکہ اسرائیل حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق نیتن یاہو اور کوہین سعودی شہر نیوم پہنچے جہاں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پہلے سے موجود تھے۔ ان سبھی کے درمیان خفیہ بات چیت ہوئی۔

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسرائیلی میڈیا کی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے نیوم میں ملاقات سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نیوم کے ہوائی اڈے پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا خیرمقدم کیا تھا اور انھیں وہیں سے رخصت کیا تھا۔میں ان کی ولی عہد سے ملاقات میں بھی شریک تھا۔وہاں کوئی اسرائیلی موجود نہیں تھا۔‘‘

انھوں نے الگ سے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’میں نے سیکریٹری مائیک پومپیو کے حالیہ دورہ کے موقع پر سعودی ولی عہد اور اسرائیلی عہدے داروں کے درمیان مبیّنہ ملاقات سے متعلق پریس رپورٹس ملاحظہ کی ہیں۔ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی اور جس ملاقات کا ذکر کیا جارہا ہے،اس میں صرف امریکی اور سعودی عہدے دار موجود تھے۔‘‘ شہزادہ فیصل فروری میں بھی سعودی ولی عہد اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کی خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×