افکار عالم

حج سیزن کے کامیاب اختتام کے بعد عمرے کی اجازت کے لیے سعودی حکومت کا غور

ریاض: 4؍اگسٹ (ذرائع) کووڈ-19 بحران کے دوران رواں سال حج سیزن کے کامیاب اختتام کے بعد سعودی حکومت احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرے کی اجازت دینے پر بھی غور کررہا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران میں تمام حج انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔عازمینِ حج کے لیے کووِڈ-19 کی وبا کے دوران میں حفظان صحت،ان کے قیام وطعام اور نقل وحرکت کے لیے کیے گئے انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے عمرہ کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے فروری میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے غیرملکیوں کے مکہ مکرمہ میں عمرے کے لیے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔چار مارچ کو سعودی حکومت نے مملکت میں مقیم اپنے شہریوں اور مکینوں کا عمرہ بھی معطل کردیا تھا۔

عمرہ کی عبادت کعبۃ اللہ کے طواف اور صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان سعی پر مشتمل ہے۔ عمرہ چند گھنٹے میں پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے لیکن یہ حج کی طرح ہر صاحب استطاعت مسلمان پر فرض نہیں ہے اور نہ اس کے مخصوص ایام ہے بلکہ یہ سارا سال کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے۔

حج 2020ء کی کامیاب تکمیل

اس مرتبہ حج کے تمام مناسک گذشتہ اتوار کو مکمل ہوگئے تھے۔الحرمین الشریفین کے امور کی ذمے دار پریذیڈینسی کے صدر الشیخ عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے حج سیزن کو کامیاب قراردیا ہے اور کہا کہ حکام نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عازمینِ حج کی صحت کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں۔

دریں اثناء سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے یہ اعلان کیا ہے کہ کسی حاجی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے۔ نیزسکیورٹی فورسزنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کسی بھی غیر مجاز شخص کو ایّام حج کے دوران میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

سعودی عرب نے اس مرتبہ کرونا وائرس کی وَبا کے پیش نظرحج کو محدود کردیا تھا اور صرف دس ہزار خوش نصیبوں نے فریضۂ حج ادا کیا ہے۔ سعودی حکومت نے ان عازمینِ حج کا انتخاب ایک خودکار طریقے سے کیا تھا اور منتخب حاجیوں میں سعودی عرب میں مقیم مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد تھی اور 30 فی صد سعودی شہری تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×