احوال وطن

مولانا عبدالمقیت عمری سادگی، منکسرالمزاجی اورملنساری کی وجہ سے خاص و عام میں مقبول تھے

کریم نگر: 17؍جنوری (عصرحاضر) حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی اطلاع کے بموجب 16 /جنوری 2021 بروز ہفتہ کورٹلہ کی معروف اور مشہور شخصیت مولانا محمد عبد المقیت عمری صاحبؒ صبح کی اول ساعتوں میں اس دنیاء فانی سے دار بقاء و آخرت کی طرف کوچ فرماگئے، مولانا مرحوم اپنی سادگی، منکسرالمزاجی اورملنساری کی وجہ سے ہر ایک کے نزدیک مقبول تھے، تحفظ ختم نبوت، بیت المال کورٹلہ کے تحت آپ کی دینی خدمات رہیں، نیز عمری ٹریڈرس کے نام سے ہارڈویئر کا ایک کاروبار بھی تھا، مرحوم کے انتقال کی خبر سن کر کورٹلہ کے مقیم علماء و عوام کے علاوہ کریم نگر،جگتیال، مٹ پلی ودیگر اضلاع سے علماء و حفاظ کی ایک بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک رہی، نماز جنازہ سے قبل حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب ناظم جامعہ صدیقیہ فیض العلم و خطیب مسجد زم زم کریم نگر نے مولانا مرحوم کے سانحہ ارتحال پر اپنے گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مرحوم کیلئے دعاء مغفرت کرتے ہوئے ان کے پسماندگان،رشتے دار و اقارب سے اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعاکی اس کے بعد کہا کہ جنازہ میں سب کی شرکت دراصل مولانا مرحوم سے دلی تعلق اور ان کے اہل خانہ اور پسماندگان کو تعزیت اور صبر جمیل کی تلقین مقصود ہے، مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب نے قرآن و حدیث کی روشنی میں چند اہم باتوں کی طرف عوام کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بچہ، جوان، بوڑھا، مرد، عورت، امیر، غریب کسی کو بھی موت سے چھٹکارا نہیں، لہذا ہر کوئی اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ہوں، نماز کی پابندی کریں، یہود و نصاری کی چال چلن کو چھوڑ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ کو اپنائیں ، والدین کا احترام اور ان کی خدمت کریں کثرت کے ساتھ درود شریف اور استغفار کا اہتمام کریں، اس کے بعد مرحوم کے چچا زاد بھائی حافظ نوید صاحب نے نمازجنازہ پڑھائی، جامع مسجد بنڈہ پلی (کورٹلہ) کے متصل قبرستان میں تدفین عمل میں آئی، اس موقع پر کریم نگر سے مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی، مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی، مفتی غیاث محی الدین صاحب، مفتی محمد عبد الحمید صاحب قاسمی، حافظ محمد وسیم الدین صاحب، حافظ محمد معظم حسین صاحب فیضی، حافظ محمد صادق علی صاحب کے علاوہ جگتیال، کورٹلہ، مٹ پلی و دیگر اضلاع کے علماء و حفاظ بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×