احوال وطن

دارالعلوم دیوبند کے رکن شوری مولانا مفتی منظور احمد صاحب مظاہری کا انتقال پُر ملال

کانپور۔ 4؍نومبر: (بی این ایس) بزرگ عالم دین، قاضی شہر کانپور ورکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا مفتی منظور احمد صاحب مظاہری کا بتاریخ 3؍نومبر بروز اتوار بعد نماز عصر ایکسل اسپتال میں انتقال ہوگیا ۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ اطلاعات کے مطابق ان کی نماز جنازہ پیر کو صبح دس بجے بڑی عید گاہ کانپور میں ادا کی جائے گی۔ ان کے انتقال کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا کے ذریعہ وائرل ہوئی تعزیتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ موجودہ قاضی شہر مولانا عبدالقدوس ہادی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علما اترپردیش)  سمیت اکابر علمائے کرام نے ان کی وفات حسرت آیات پر غم کا اظہار کیا او ر ان کے وصال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ واضح رہے کہ مفتی منظور صاحب موضع پوٹریا ضلع جونپور کے رہنےوالے تھے۔ مولانا مظاہری ملک کے قدیم اور مشہور مدرسہ بیت العلوم سرائمیر کے قدیم طلبہ میں سے تھے۔ابتدائی عربی فارسی کی تعلیم یہیں حاصل کی۔ اس کے بعد مظاہر علوم سہارنپور کا رخ کیا اور مظاہر علوم ہی سے سند فراغت حاصل کی۔ آپ کی عظیم خدمات کا محور ملک کا صنعتی شہر کانپور رہا۔ انہوں نے کانپور میں ایک طویل زمانہ تک بڑی اہم خدمات انجام دیں۔ آپ ’ماہنامہ نظام ‘کے اہم ذمہ داروں میں سےبھی تھے اور دارالعلوم دیوبند کے تاحیات رکن شوری رہے۔ انہوں نے اہم مواقع پر اراکینِ شوری کو دارالعلوم کی فلاح وبہبود کے لیے مفید مشوروں سے نوازا۔ آپ کا شمار ملک کے نامور علماء میں ہوتا تھا۔ اللہ تعالی قاضی صاحب کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے۔(آمین)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×