ریاست و ملک
حضرت مولانا طبیب عالم صاحب قاسمی کاماریڈی کی رحلت ملت اسلامیہ کا خسارہ
کاماریڈی: 18؍اگسٹ (راست) کاماریڈی کے بزرگ عالم دین مولانا طبیب عالم صاحب قاسمی ناظم مدرسہ تجوید القرآن سرپرست جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی کا انتقال پر ملال ملت اسلامیہ کا ایک عظیم نقصان ہے، حافظ محمد فہیم الدین منیری مولانا منظور عالم مظاہری مفتی خواجہ شریف مظاہری، الحاج سید عظمت علی ، میر فاروق علی، محمد جاوید علی محمد عبدالواجد علی، محمد مقصود احمد خان، محمد ماجد الله، محمد فیروز الدین، حافظ محمد عبدالواجد علی حلیمی، حافظ محمد عدنان ذاکر جمعیۃ علماء ومجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی کے کارکنان و ذمہ داران نے مولانا کے انتقال پر تعزیت مسنونہ پیش کی اور افرادِ خاندان سے کہا کہ ہم جمیع خدام اراکین آپ حضرات کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ یقینا مولانا رحمۃ الله علیہ عزیمت و ہمت کے پہاڑ تھے، اپنے کام کو اخلاص اور خاموشی سے انجام دیتے ہوئے دیگر احباب کی جانب سے کئے جانے والے کاموں کی نہ صرف ہمت افزائی فرماتے تھے بلکہ سر پرستی بھی فرماتے تھے، 25 سال قبل مدرسہ تجوید القرآن کی بنیاد رکھی بڑی جانفشانی سے طلبہ کو تیار کیا، آج مولانا کے تلامذہ دینی محنتوں اور قرآن کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں، مولانا رحمۃ اللہ علیہ کیلئے صدقہ جاریہ ہیں۔
مولانا تحفظ ختم نبوت کے عنوان پر 20 سال قبل جب کام شروع ہوا تو مولانا نے نہ صرف سرپرستی فرمائی بلکہ اپنے مدرسہ میں مہمانان علماء کرام و معلمین کے قیام و طعام و دعوتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مولانا گردہ کے عارضہ میں مبتلا رہنے کے باوجود جمعیۃ علماء کاماریڈی کے تقریبا پروگرام کی مولانا نے سرپرست فرماتے ، دعاؤں سے نوازتے بہترین اور قیمتی مشوروں سے جمعیۃ کو مولانا نے استحکام بخشا، کاماریڈی کے تمام اجتماعات وجلسوں میں شروع سے آخر تک تشریف رکھتے،اور عالمانہ شان کیساتھ مولانا اپنی زندگی بسر کی مولانا طبیب عالم صاحب قاسمی رحمت اللہ علیہ کا اچانک انتقال ہم سب کے لئے بہت ہی رنج و غم وصدمہ کا باعث بنا اللہ اپنے کرم سے تمام ارکان خاندان اور تلامذہ اور مولانا سے محبت رکھنے والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے
مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی کے تمام معلمین و خدام نے مولانا مرحوم کیلئے ختم قرآن و ایصال ثواب کا اہتمام کیا، الله تعالی مولانا کو غریق رحمت فرمائیں جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطاء فرمائے، مولانا کے حسنات کو قبول فرمائے آمین بجاه خاتم الانبیاء والمرسلین۔۔