اہم خبر؛ حج و عمرہ کے خواہشمند پیشگی بکنگ نہ کریں‘ نجی ٹور آپریٹروں کے لیے کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئی
بنگلور: 28؍دسمبر (نیوز18) کورونا وبا کی وجہ سے سعودی حکومت نے حج اور عمرہ کیلئے اب تک واضح احکامات جاری نہیں کئے ہیں۔ نجی ٹور آپریٹروں کے ذریعہ حج اور عمرہ کا سفر اختیار کرنے کے خواہشمند افراد احتیاط اور صبر سے کام لیں۔ فی الوقت حج اور عمرہ کیلئے ایڈوانس بکنگ سے گریز کریں۔ بنگلورو میں کرناٹک اسٹیٹ حج آرگنائزرس ایسوسی ایشن نے یہ بات کہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ حج 2021 کا اعلان ہوچکا ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کے ذریعہ عازمین حج درخواست فارم جمع کررہے ہیں۔ لیکن نجی ٹور آپریٹروں کے سلسلے میں اب تک کوئی ہدایات جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ رجسٹرڈ ٹور آپریٹروں کی جانب کہیں بھی حج 2021 کیلئے بکنگ نہیں لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سفر حج کے سلسلے میں واضح پالیسی جاری نہیں ہوتی تب تک حج کیلئے ایڈوانس بکنگ نہ لینے کی تمام ٹور آپریٹروں کو ایسوسی ایشن کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے۔ اقبال احمد صدیقی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فی الوقت سفر حج کیلئے پیشگی رقم کسی بھی ٹور آپریٹر کو نہ دیں۔
کرناٹک حج آرگنائزرس ایسوسی ایشن کے صدر شوکت علی سلطان نے کہا کہ اب تک سعودی حکومت نے حج کے کوٹہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے فی الوقت عمرہ کے ویزے بھی جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ 15 دنوں قبل عمرہ کے چند ویزوں کو منظوری دی گئی تھی لیکن اب برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے سامنے آنے کے بعد عمرہ کے ویزے بھی جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ شوکت علی سلطان نے کہا کہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے سفر حج اور عمرہ کیلئے کسی بھی ٹراویل ایجنسی میں بکنگ کرنے سے قبل عوام سفر کے متعلق تحقیق کریں۔
واضح رہے کہ کرناٹک میں ایسی شکایتیں سننے کو مل رہی ہیں کہ چند نجی ٹور آپریٹر عمرہ کے ساتھ ساتھ سفر حج کیلئے بھی پیشگی بکنگ لے رہے ہیں۔ شوکت علی سلطان نے کہا کہ یہ رجسٹرڈ ٹور آپریٹر نہیں بلکہ ایجنٹ یا غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹر ہوسکتے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کرناٹک میں گزشتہ چند سالوں میں نجی ٹور آپریٹروں کی جانب سے حج اور عمرہ کے عازمین کے ساتھ دھوکہ دہی کے کئی معاملات سامنے آئے ہیں۔ کئی مرتبہ لوگ اپنی محنت مزدوری کا پیسہ گنوا بیٹھے ہیں۔ اس مقدس سفر کے انتظامات میں دھوکہ دہی، بد نظمی، بدعنوانی مسلم معاشرے کیلئے تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے۔ کرناٹک اسٹیٹ حج آرگنائزرسایسوسی ایشن کے چیرمین اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ حج اور عمرہ کیلئے پیشگی رقم ادا کرنے سے قبل عوام تحقیق کریں۔ بیرونی ممالک سفر کے متعلق جانکاری حاصل کریں یا پھر ایسوسی ایشن سے رجوع ہوکر معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سعودی حکومت کی جانب سے واضح حج پالیسی مرتب نہیں کی جاتی تب تک عازمین حج سے بکنگ نہ لینے کا رجسٹرڈ نجی ٹور آپریٹروں نے فیصلہ لیا ہے۔
شوکت علی سلطان نے کہا کہ ہر سال حج کے اعلان کے بعد سعودی عرب اور ہندوستان کی حکومت کے درمیان معاہدہ ہوتا ہے۔ اب تک صرف حج 2021 کا اعلان کیا گیا ہے ، حکومتوں کے مابین کوئی بھی معاہدہ عمل میں نہیں آیا ہے۔ عام طور پر اس معاہدے میں حج کوٹہ، حج کے انتظامات اور سفر حج کے دیگر امور شامل رہتے ہیں۔ ہر سال اس معاہدے پر دستخط کے بعد مرکزی حکومت نجی ٹور آپریٹروں کیلئے حج کوٹہ مختص کرتی ہے۔ عام طور پر 30 فیصد حج کوٹہ نجی ٹور آپریٹروں کو دیا جاتا ہے۔ شوکت علی سلطان نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کی وبا برقرار رہتی ہے یا پھر ویکسین کے دستیاب نہ ہونے کی صورت میں سال 2020 کی طرح سال 2021 کے سفر حج پر بھی کئی طرح کی پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ لہذا آنے والا سفر حج بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے عازمین حج اور عمرہ صبر اور احتیاط سے کام لیں۔
دوسری جانب کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ حج 2021 کیلئے درخواست فارم بھرتی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اس بار کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کو بہت کم یعنی صرف ڈیڑھ ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ حج فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ پہلے 10 دسمبر 2020 مقرر کی گئی تھی اب آخری تاریخ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ یعنی اب درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری 2021 ہے۔ آخری تاریخ میں توسیع کے باوجود حج کمیٹی کو بہت کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔