احوال وطن

مولانا علی حسن جمعیۃ علماء کے چار صوبوں کے صدر منتخب

دیوبند،11؍ ستمبر(سمیر چودھری)ہریانہ پنجاب ہماچل اور چنڈی گڑھ کی مشترکہ جمعیۃ علماء کا انتخابی اجلاس آج دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر ہریانہ میں منعقد ہوا،جس میں آبزرور اور مشاہد کی حیثیت سے دینی تعلیمی بورڈ اتر پردیش کے صدر مولانا مفتی سید محمد عفان منصور پوری نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت مولانا علی حسن مظاہری نے کی۔ اجلاس میں تینوں صوبوں کے ارکان منتظمہ نے شرکت کی،اجلاس کی کارروائی آفس سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے چلائی اور سکریٹری رپورٹ پیش کی۔اس موقع پرسابق صدر جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ مولانا محمد یحییٰ کریمی نے نئے صدر کے طور پر مولانا علی حسن مظاہری کا نام پیش کیا،جس کو تمام ارکان منتظمہ کے اتفاق سے ٹرم 22-2020کے لئے مولانا علی مظاہری کو صدر منتخب کیا اور مولانا محمد اکرام ندوی پپلی مزرعہ،مولانا شیر محمد امینی میوات،قاری محمد انس مالیر کوٹلہ،حافظ علی احمد میواتی کو نائبین صدور جبکہ میوات کے حافظ محمد ہاشم کو خازن اور صدر جمعیۃ علماء ضلع انبالہ حافظ مطلوب حسن کو نائب خازن بنایا گیا۔اس دوران جامعہ بیت العلوم پپلی مزرعہ یمنا نگر کے استاذ مولانا شریف احمد قاسمی نے بھی جمعیۃ علماء کی تاریخ اور خدمات پر روشنی ڈالی۔مہمان خصوصی مولانا عفان منصور پوری نے اپنے خطاب میں کہاکہ نا مساعد حالات میں علماء و اکابر جمعیۃ نے ہر دور میں کام کیا ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے،مفتی منصورپوری نے سماج اور معاشرہ کی برائیوں کے سد باب کے لئے دینی تعلیم اور مکتب کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت غیر مسلموں سے شادی کو لے کر ارتداد کی جو فضا بن چکی ہے پچھلی ایک صدی سے زائد عرصہ میں بھی اس کی مثال نہیں ملتی،اس وقت جمعیۃ علماء ہند سے متعلق تمام لوگوں کی شرعی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی روک تھام کے لئے شعور اور بصیرت کے ساتھ میدانِ عمل میں آئیں۔نو منتخب صدر مولانا علی حسن مظاہری نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء ہند سے وابستگی کو ملک و ملت کی تعمیر کے لئے ضروری قراردیا جمعیۃ کے کام اور مشن کو ہر ممکن طریقہ سے پورا کرنے کی یقین دہانی کی اور تمام ارکان منتظمہ سے اپیل کی کہ وہ اکابر حضرات علماء اور دانشوران جمعیۃ سے خود کو مربوط رکھیں۔مفتی عفان منصور پوری کی رقت آمیز دعا پر اس اجلاس کا اختتام ہوا،ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ میوات سے سیکڑوں کی تعداد میں ارکان منتظمہ نے اِس اجلاس میں شرکت کی۔دارالعلوم امدادیہ گڑھی کے معاون ناظم حافظ محمد احمد رشیدی اور ناظم تعمیر وترقی حافظ محمد تعریف،حافظ محمد یامین،مولانا عبدالمالک مظاہری،قاری فرید الدین،حافظ محمد فاضل،حافظ توفیق احمد اور مدرسہ دیگر کے خدام اور طلباء نے سبھی مہمانوں کا استقبال کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×