احوال وطن

ملک و ملت کے لئے ہر محاذ پر جمعیۃ علماء کی خدمات ناقابل فرموش

ورنگل: 19؍نومبر (حافظ صادق) حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند تلنگانہ و آندھرا نے کہاکہ جمعیت علماء ہند نے ملک و ملت اور اسلامی تشخص کی حفاظت کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ کا روشن باب ہے ۔اکابر و اسلاف نے ہر زمانے میں جہد و عمل اور عزیمت و استقامت کی ایسی تاریخ رقم کی ہے جس سے مسلمانوں نے سر اٹھا کر اس ملک میں جینا سیکھا ہے ۔انہوں نے آج ورنگل دیشائی پیٹ میں واقع مدرسہ عربیہ باب العلوم میں مولانا محمد عبدالستار قاسمی کی سرپرستی و مولانا محمد فصیح الدین قاسمی ناظم مدرسہ سراج العلوم ورنگل کی صدارت میں منعقدہ جمعیت علماء متحدہ ورنگل کے مشاورتی اجلاس میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کیا ۔مولانا محمد عبدالعظیم قاسمی صدر ورنگل جمعیت علماء ورنگل نے پروگرام کی کاروائی چلائی ۔حافظ پیر خلیق احمد صابر نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء نے ہمیشہ آئین و قانون کی حدود میں رہتے ہوئے جبر و تشدد کے شکار مظلومین کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے مسئلہ کو جس جرأت و بے باکی کے ساتھ اٹھایا اور ان کی فریاد رسی کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ خواہ دہشت گردی کی آڑ میں مسلم نوجوانوں کے استحصال کا مسئلہ یا انسداد فرقہ وارانہ فسادات بل کا ،تحفظ شریعت کی اہم ذمہ داری ہو یا مرکزی مدرسہ بورڈ کا فتنہ ، ملک میں کھربوں روپیوں کے وقف جائیدادوں کے تحفظ کا مسئلہ ، فرقہ پرستی کامعاملہ ہو ہر محاذ میں ہمت ،جرأت و اخلاص اور توجہ کے ساتھ سعی پیہم کی ہے ۔یقینا وہ جمعیت علماء ہند کا روشن باب ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اپنی ایک روشن تاریخ رکھتی ہے ۔اکابرین نے ملت اسلامیہ کے لئے جو کوششیں کی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان مسلمان میں کسی بھی مقام یعنی ایر پورٹ ،ریلوے اسٹیشن اور دیگر مقامات پر نماز ادا کرسکتا ہے ۔آئندہ ملک کے کیا حالات ہوں گے اللہ بہتر جانتاہے ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء ہند انسانیت کی خدمت کے لئے کام کرتی ہے ۔تمام طبقات کے پریشان حال افراد کی مدد کرتی ہے ۔حال ہی میں حیدرآباد سیلاب سے متاثر ہوا کئی جانی و مالی نقصان ہوا ۔جمعیت کی جانب سے بلاتفریق مذہب و ملت تمام لوگوں کی انسانیت کی بنیاد تعاون کیا گیا ۔جس میں اضلاع کے ذمہ داران کی کوششیں بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ میں تلنگانہ و آندھرا کو ملا کر 17لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا ۔لیکن اب تلنگانہ و آندھرا میں 35لاکھ رکنیت سازی کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے تمام سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر شانتی سنگم اور دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔محمد مجاہد علی شہری صدر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔حافظ حیدر سمیع اللہ حسینی نے شکریہ ادا کیا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×