مسلمان جھوٹے عاملوں سے چوکنا رہیں اور اپنے ایمان کی حفاظت کریں
تانڈور: 12/نومبر (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا ماہانہ مشاورتی اجلاس کل بتاریخ 11 نومبر 2020 بروز جمعرات دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد پر منعقد ہوا اس اجلاس کی صدارت مولانا محمد عبداللہ اظہر صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے کی اور حافظ محمد عبدالقادر صاحب کی قرآت کلام مجید سے مجلس کا آغاز ہوا اس میٹنگ میں صدر محترم نے تنظیم کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی بعد ازاں باتفاق آراء یہ بات طئے پائی کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے تحت چلنے والے تمام مکاتب کی تعلیمی نگرانی اور اس کے نظام کو پھیلانے اور پختہ کرنے کے لئے باقاعدہ ایک”نگران مکاتب”کا تقرر کیا جائے اس سلسلہ میں چند احباب نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا جن میں سے کسی ایک کا بہت جلد”نگران مکاتب”کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آئیگا۔
جمعیۃ کی سرگرمیوں کو ضلع کے تمام تعلقہ جات اور ان سے متعلقہ منڈلات میں پھیلانے اور کے مقصد سے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے اراکین منتظمہ کی ضلعی سطح کی سہ ماہی میٹنگ کا مختلف تعلقہ جات میں انعقاد کیا جاتا ہے اس نوعیت کی ایک میٹنگ کا تین ماہ قبل تانڈور میں واقع جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے مرکزی دفتر پر انعقاد ہوچکا ہے جبکہ جاریہ ماہ نومبر میں دوسرا سہ ماہی اجلاس وقارآباد میں منعقد ہوگا۔
اس میٹنگ میں موجود علماء نے کہا کہ ایمان اس دنیا کی سب سے قیمتی شئی ہے جس کی حفاظت ہر صاحب ایمان کی اولین ذمہ داری ہے اور ناموس رسالت ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے جس پر کسی بھی قسم کا داغ دھبہ کسی بھی حال میں منظور نہیں ہے لیکن
* ستیزہ کار رہا ہے ازل سے تا امروز*
* چراغ مصطفوی سے شرار بولہبی*
ہر دور میں مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے والے جنم لیتے رہے ہیں اور ان کی بیخ کنی کا فریضہ بھی اہل اسلام پیہم کرتے آرہے ہیں ادھر چند سالوں سے علاج معالجہ کے نام پر ایک فتنہ “فیاضیت”شہر حیدرآباد اور آندھرا تلنگانہ وغیرہ کے بیشتر مقامات پر لاکھوں افراد کو اپنی جال میں پھانس چکا ہے یہ فرقہ بیماریوں میں کسی بھی قسم کے علاج اور دوا دارو کو قطعا غیر اسلامی عمل اور دواخانوں کو “دجالی اڈے”قرار دیتا ہے حالانکہ یہ بات بالکل نامعقول اور غیر اسلامی ہے کیونکہ اسلام نے بیماری کے علاج کا حکم دیا ہے اس فتنے کے بانی “فیاض”کا ماننا ہیکہ کسی بھی قسم کی بیماری میں اس کی خود ساختہ “آڈیو کلپس”انتہائی مفید ہیں جبکہ وہ ان آڈیو کلپس میں انتہائی شاطرانہ انداز میں اپنے غیر اسلامی عقائد اور من گھڑت نظریات کی تبلیغ کررہا ہے اور علاج کے نام پر لوگوں کی نفسیات سے کھیل رہا ہے اور افسوس صد افسوس کہ بلا تفریق مسلک مرد و خواتین لاکھوں کی تعداد میں اس سے متاثر ہورہے ہیں یہ شخص “میموری بابا”کے نام سے بھی مشہور ہے کیونکہ یہ میموری کے ذریعہ بھی اپنے عقائد کی ترویج و اشاعت کرتا ہے۔
لہذا ضرورت اس بات کی ہیکہ مسلمان بھولے پن کا شکار نہ ہوں بلکہ اس فتنہ اور اس قسم کے مختلف فتنوں سے اپنے آپ کو اور اپنے اہل خانہ کو چوکنا رکھیں اور اپنے دین ایمان کی حفاظت کی فکر کریں۔
اس اجلاس میں جمعیۃ علماء و دینی تعلیمی بورڈ کے ذمہ داران و اراکین کے بشمول دیہات کے ائمہ کرام کی کثیر تعداد موجود تھی۔