احوال وطن

دہلی کے کراول نگر میں جمعیۃ علماء ہند کی تحت فساد متاثرین کے لیے تعمیر شدہ مکانات کا افتتاح

نئی دہلی23/اکتوبر (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کے صدر امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے آج شمالی مشرقی دہلی کے فساد زدہ علاقہ کا دورہ کیا اورگدھا پوری چوک کراول نگرحلقہ میں جمعیۃ کے زیر اہتمام تعمیرشدہ 48 مکانات اور 18دکانوں کا افتتاح کیا۔انھوں نے ازیں قبل فساد زدہ طیبہ مسجد میں جمعہ کی نماز بھی پڑھائی، مذکورہ مسجد بھی جمعیۃ علماء ہند نے تعمیر کرائی ہے۔اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ شمال مشرقی فساد متاثرین کے لیے لاک ڈاؤن ایک بہت بڑی مصیبت بن کرآئی جب ان کی مدد کے لیے سرکار کے دروازے بھی بند ہوگئے تھے، اس وقت جمعیۃ علماء ہند وہ جماعت تھی جو ان مظلوموں کے گھروں تک پہنچی اور ان کی ہر ممکن مدد کی۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ جمعیۃ علماء گرچہ مسلمانوں کی تنظیم ہے، لیکن وہ بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرتی ہے، ہم نے دہلی فساد میں بھی ہندو اور مسلمان سبھوں کی مدد کی ہے۔
افتتاح کے موقع پر گھروں سے چھوٹی چھوٹی بچیاں بھی باہر نکل آئیں اور انھوں نے بیک زباں ہو کر ”شکریہ جمعیۃ علماء ہند“ کہا۔اس موقع پر متاثرین کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے اور انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنے مصیبت کے ایام کو یاد کیا۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے جن کے مکان کا افتتاح کا کیا، ان میں ایک جناب عبدالمجید تھے، انھوں نے کہا کہ اس علاقے میں فساد کے بعد ایسے حالات ہو گئے تھے کہ یہاں ہمارے لیے رکنا بہت مشکل ہو گیا تھا، ہم مایوس ہو چکے تھے، ایسے وقت میں ایک قافلہ آیا جس کا نام جمعےۃ علما ء ہند ہے، جس قافلہ کی قیادت جمعیۃ کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی صاحب کررہے تھے، انھوں نے ہمیں حوصلہ دیا، ہمیں یہاں آشیانہ دیا ہے، ہم اس کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے دہلی فساد میں جمعےۃ علماء ہند کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انھوں نے بتایا کہ شیو وہار کے علاقے میں جمعےۃ علماء ہند نے 156مکانات کی تعمیر نو کی ہے، اس کے علاوہ دہلی میں جمعیۃ کے زیر اہتمام10/مساجد، اور 139دکانوں کی تعمیر ہورہی ہے۔
دوسری طرف منی مسجد کی تعمیر بھی مکمل ہوئی ہے، آج اس کا افتتاح جمعیۃ علماء بہار کے صدر مولانا مفتی جاوید اقبال قاسمی نے کی۔ آج کی افتتاحی تقریب میں مذکورہ شخصیات کے علاوہ مولانا داؤد امینی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند، مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مولانا عرفان قاسمی، مولانا جمال قاسمی، حاجی فخرالدین، مولانا ہاشم شہید نگر،حاجی سلیم سمیت علاقے کے کئی ذمہ داران موجود تھے۔ حاجی سلیم صاحب نے صدر جمعیۃ علماء ہند کی ضیافت بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×