حیدرآباد سیلاب سے متأثرہ علاقوں میں جمعیۃ علماء کی ٹیمیں راحت رسانی میں مصروف
حیدرآباد: 20؍ اکٹوبر (عصر حاضر) تلنگانہ کے دارلحکومت حیدر آباد میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بارش کی وجہ سے 73؍ ہزار 409 خاندان سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ شہر کے نشیبی علاقوں کے بیشتر مکانات میں زیر آب ہیں۔ گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے کئی لوگوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی بھی اس قہر کی نذر ہوچکی ہے۔ بالاپور کے گررم چیرو تالاب کا پانی شہر کے مختلف محلہ جات میں داخل ہونے کی وجہ سے اب بھی کئی محلہ جات وکالونیاں زیر آب ہیں اس وقت شہر حیدرآباد شدید ترین حالات سے گزررہا ہے (117) سال کے بعد شہر حیدرآباد پر یہ دوسری قیامت صغری برپاہوئی ہیں ۔ مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب جنرل سکریٹر جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش کی زیر نگرانی شروع ہی دن سے ریاستی جمعیۃ علماء اور سٹی جمعیۃ علماء کی ٹیمیں سیلاب سے متأثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے کوئی منظم منصوبہ بندی نہیں ہوپارہی ہے۔ فی الحال پانی میں محصور افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ شہر کے بارش سے متاثرہ علاقے الجبیل کالونی, فلک نما, چندرائن گٹہ, بنڈلہ گوڑہ, اسماعیل نگر, شاہین نگر, حافظ بابا نگر, بالاپور, گلشن اقبال کالونی، پھول باغ , نصیب نگر , ٹولی چوکی , ندیم کالونی، محمدی لائن , عنبر پیٹھ , کاچی گوڑہ , رامنتاپور , پریم نگر , بابونگر , پٹیل نگر , یوسف گوڑہ , کے علاوہ شہر کے متاثرہ علاقوں کے اطراف واکناف میں جمعیۃ علماء کی ٹیم لوگوں کی راحت رسانی کے لئے بڑے پیمانے پر سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں ۔اور اب تک تقریبا (30,000) سے زائد لوگوں میں کھانے کے پیاکٹس , پانی کی بوتلیں, دوائی, دودھ , موم بتی اور دیگر ضروری اشیاء تقسم کی گئی۔ مفتی عبد المغنی صاحب مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گیر یٹرحیدر آباد , مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء گیر یٹرحیدرآباد ,اور ان کی ٹیم ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے اسی طرح تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ , میدک , کے منڈلوں اور تعلقہ جات میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں بھی وہاں کے جمعیۃ علماء کے ذمہ داران مصروف خدمت ہے۔ مولانا سید احسان الدین صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نلگنڈہ مولانا محمد اکبرالدین صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع نلگنڈہ ریلیف وراحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہے ریاستی جمعیۃ علماء اور سٹی جمعیۃ علماء کی جانب سے شہر کے متأثرہ علاقوں میں ہوئے شدید نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ جائزہ ٹیم کی جانب سے رپورٹ ملنے کے بعد متاثرین میں حد درجہ مستحق خاندانوں میں ضروری اشیاء کا انتظام کرے گی۔ ان شاء اللہ جب پانی کا مسئلہ ختم ہوجائے گا تو آگے کیلئے لائحہ عمل طئے کیا جائے گا۔