احوال وطن

دہلی فساد متأثرین میں جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کا سلسلہ بدستور جاری

نئی دہلی: 14/ستمبر (پریس ریلیز) شمال مشرقی دہلی میں تقریباً سات ماہ قبل ہونے والے فسادات کے متاثرین کے درمیان امدادی کاموں کاسلسلہ بدستور جاری ہے۔صدرِجمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر متاثرین کے درمیان مدد فراہمی کے اس سلسلے کی تازہ کڑی کے تحت کراول نگر میں کرایہ پر رہنے والے مقصود کو آج جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے آٹو خرید کر دیا گیا۔خیال رہے کہ مقصودکے آٹو کو شرپسندوں نے جلاکر خاکستر کردیاتھا،آٹوپاکر مقصودبہت خوش تھا اور نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغازکرنے پر مطمئن بھی۔ مقصودکو آٹو کی چابی مولانا محمد مسلم قاسمی صدر جمعیۃ علماء دہلی نے اپنے دست مبارک سے دی اس موقع پر مفتی عبدالرازق مظاہری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء دہلی، قاری محمد ساجد فیضی سکریٹری جمعیۃ علماء دہلی، الحاج سلیم رحمانی صدر جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی مولانا جمیل اختر قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی،مہتاب عالم ودیگر معززین علاقہ موجود تھے۔واضح ہوکہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک ٹیم مستقل فساد متاثرین کے درمیان راحت ورسانی کے عمل میں سرگرم عمل ہے۔شمال مشرقی دہلی فساد متاثرہ علاقے کراول نگر،کھجوری خاص،گڑھی میہڈو،میں اب بھی مکانات کی تعمیر ومرمت کا کام جاری ہے جن میں سے اکثر مکانات کا کام مکمل ہوگیا ہے اور وہ متاثرین کے حوالے کردئے گئے ہیں اور باقی بھی انشاء اللہ بہت جلد متاثرین کے حوالے کردئے جائیں گے۔  فساد زدہ علاقوں میں شرپسندوں کے ذریعہ مساجد کو بھی بہت نقصان پہنچایا گیا تھا جس کی تعمیر ومرمت کا کام بھی تا ہنوزجاری ہیں، خاکستر کی گئی فاطمہ مسجد کھجوری خاص کا کام مکمل ہوگیا ہے جس میں باضابطہ نماز اداکی جارہی ہے۔ مسجد اللہ والی شہید بھگت سنگھ کالونی کراول نگر کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے اور بہت جلد جنتی مسجد گوکل پوری کی مرمت کا کام بھی ان شاء اللہ شروع کردیا جائے گا۔ بھجن پورہ میں جلائے گئے ای رکشہ کے شوروم کے مالک رئیس احمد کومالی مدددی گئی ہے تاکہ وہ اپنے کام کو پھر سے شروع کرسکیں۔ قابل ذکر ہے کہ فساد متاثرین کی قانونی چارہ جوئی کے لئے جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے آن ریکارڈ ایڈووکیٹ ظہیرالدین بابرچوہان کی سربراہی میں دس وکیلوں کا ایک پینل مقررکردیا گیا ہے جو مستقل فسادمتاثرین کے مقدمات کی پیروی کررہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×