احوال وطن

مولانا محمد سلمان مظاہری ؒ کا سانحہ ارتحال مظاہر علوم ہی نہیں بلکہ ہندوستانی مسلمانوں کے لئے ایک بڑاحادثہ ہے:مولانا ارشدمدنی

نئی دہلی: 21/جولائی (پریس ریلیز) مدرسہ مظاہر علوم کے مولانامحمد سلمان مظاہریؒ کے انتقال پرملال پرصدر جمعیۃ علماء ہند مولاناسید ارشدمدنی نے اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا سلمان صاحب مظاہری ؒ کی رحلت صرف مظاہر علوم ہی کے لئے نہیں بلکہ ہندوستانی مسلمانوں کے لئے اور بالخصوص مظاہر علوم اور اس کے فیض یافتہ پوری برادری کے لئے بہت بڑاحادثہ ہے، موصوف کے درس ان کی مجلسیں اور ان کی تقریروں کے چرچے توان کے شاگرد اورتربیت یافتہ لوگ کرتے ہی رہیں گے، لیکن مجھ کودوچیزوں کی فکر ہے ایک تویہ کہ خدانے ان کو انتظامی صلاحیت عطافرمائی تھی جو طبقہ علماء میں کم ہی پائی جاتی ہے۔ مولانا مرحوم نے جامعہ مظاہر علوم کے علمی وقاراورتعلیمی معیارکو اپنی خدادادصلاحیت کو کام میں لاتے ہوئے کافی حدتک سنبھالااوربڑی سختی سے تعلیم وتربیت اورانتظامی اصول وضوابط پر کاربندرہے، حقیقت یہ ہے کہ مولانا یونس صاحب مرحوم سابق شیخ الحدیث جامعہ مظاہر علوم کی رحلت کے بعد علمی خلاکو حضرت مولانا عاقل صاحب مدظلہ نے پر کیا (اللہ ان کی عمر میں برکت فرمائے) لیکن اس وقت تدریسی صلاحیت کے ساتھ ساتھ مولانا سلمان صاحب مرحوم کی رحلت سے جو انتظامی خلاپید اہوگیا ہے اس کی پورتی کرنے والاکوئی آدمی مظاہر علوم میں فی الحال نظرنہیں آرہا ہے، اللہ مالک السماوات والأرض کل کو ظاہر فرمادے تووہ قادرمطلق ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ حضرت شیخ الدیث مولانا زکریاصاحب نوراللہ مرقدہ کی خانقاہ جس کو ان کے جانشین مولاناطلحہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے تاحین حیات آبادرکھا تھا اورموصوف اپنی رحلت سے کچھ پہلے مولانا سلمان صاحب مرحوم کو اپنا جانشین بناکر رحلت کرگئے تھے، مولانا سلمان صاحب مرحوم نے اپنی خدادادتصوف وسلوک کی صلاحیت کوکام میں لاتے ہوئے اس خانقاہی نظام کو بھی قائم رکھا تھا اور لوگوں کا رجوع بھی اچھاخاصاہوچلاتھا، افسوس ہے کہ مولانا کی رحلت سے یہ خانقاہ بھی سونی پڑگئی اوریہاں بھی کوئی دوسرا آدمی نظرمیں نہیں ہے جو مولانا کی کمی کو پوراکرسکے (اناللہ واناالہ راجعون)۔
سب کو اپنے اپنے وقت پر جانا ہے اللہ کی ذات کے سواکسی کو بقانہیں ہے، دل کی گہرائیوں سے دعاہے کہ اللہ جامعہ مظاہر علوم کی بالخصوص پوری آب وتاب کے ساتھ حفاظت فرمائے اورمولانا سلمان صاحب مرحوم کا نعم البدل عطافرمائے نیز مولانا مرحوم کے پسماندگان کی نگہبانی فرمائے (آمین)
حضرت مولانا شاہد صاحب مدظلہ ناظم جامعہ تنہارہ گئے ہیں، اللہ ان کی عمر میں برکت فرمائے اور صحت وعافیت کے ساتھ ان کی نصرت اورتائیدفرمائے۔ آمین۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×