احوال وطن

مسلمان رمضان المبارک میں دینی مدارس کا زیادہ سے زیادہ تعاون کریں

کریم نگر: 27؍اپریل (پریس ریلیز) مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر نے اپنے صحافتی بیان میںکہا کہ دینی مدارس کی بے مثال قربانیاںاورعظیم خدمات ہیں ،دینی مدارس کی کوششو ں ،اور خاموش خدمت گذاران ِ دین کی فکروں سے مسلمان الحاد و بے دینی کے فتنوں سے محفوظ رہے ،ورنہ ایمان سوز فتنے مسلمانوں کا عظیم سرمایہ ٔ دین چھین لئے ہوتے،دینی مدارس معاشر ہ کی بنیادی دینی ضرورتوں کی تکمیل اور صالح معاشرہ کی تشکیل میں شب و روز لگے ہوتے ہیں۔مختلف حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے انسانیت کی تعمیر ،ملک کی فلاح وبہبودی ،اچھے افراد کی تیاری اور تحفظ ِ دین کے لئے ہمہ وقت مشغول رہتے ہیں۔
اس وقت پوری دنیامیں کوروناوائرس کی خطرناک بیماری چھائی ہوئی ہے اور اس نے زندگی کے بہت سے شعبوں کو متاثر کررکھا ہے،اس سے حفاظت کے لئے ملک میں لاک ڈاؤن چل رہا ہے،سفر وغیر ہ کی سہولت موجودنہیں ہے،جس کی وجہ سے سفراء ِ مدارس کی آمدورفت مشکل ہے۔ان حالات میں ماہ ِ رمضان المبارک کی آمد ہوئی ہے ،رمضان المبارک میں مسلمان اہتمام کے ساتھ زکوۃ نکالتے ہیںاور زکوۃ ،صدقات وعطیات کے ذریعہ دینی مدارس کابطورِخاص تعاون فرماتے ہیں،مسلمانوںکے تعاون سے دینی مدارس کے سالانہ اخراجات کی تکمیل ہوتی ہے ۔مسلمانوں کی ملی ،دینی ذمہ داری ہے کہ جس طرح گزشتہ سالوں میں رمضان کے اندر دینی مدارس کا تعاون کرتے تھے ،اسی اہتمام اورفکرکے ساتھ ان حالات میں بھی تعاون فرمائیں ،شہر،ریاست اور ملک کے جن جن مدرسوں کو تعاون دیتے تھے،ان تمام مدارس کو ضرو رتعاون دیں،کسی طرح کی کمی ہونے نہ دیں بلکہ حالات کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ دینے کی کوشش کریں ،ان شاء اللہ آپ کا تعاون بہت زیادہ اجر وثواب کا باعث ہوگا۔اس کے لئے مدارس کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے تعاون پہنچانے کا طریقہ ٔکار معلوم کریں،اکاونٹ نمبر حاصل کرکے رقم جمع کروائیں،یادرہے کہ دینی مدارس ہماری دینی بقا،ملی وجودکی اہم ترین ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×