احوال وطن

جمعیۃ علماء مہارشٹرا کے دفتر پہنچے نو منتخب ارکانِ اسمبلی امین پٹیل اور رئیس شیخ

ممبئی: 29 اکتوبر (پریس ریلیز) مسلم اراکین اسمبلی امین پٹیل (کانگریس ممبا دیوی، ممبئی) اور رئیس شیخ (سماج وادی پارٹی حلقہ مشرقی بھیونڈی) آج 12بجے دن جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر دفتر واقع اما م باڑہ، ممبئی میں تشریف لائے،جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔اس تقریب میں صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ قاسمی، خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر مفتی محمد یوسف قاسمی، احمد آباد سے تشریف لائے ہوئے جمعیۃ علماء صوبہ گجرات کے نو نامزد کنوینرمفتی عبدالقیوم منصوری جامعی،جمعیۃعلماء گونڈی کے صدر مولانا محسن علی خان شاگرد رشید مفتی عبد اللہ صاحب پھولپوری ؒ، مولانا لیاقت قاسمی (صدر جمعیۃ علماء بی وارڈ،ممبئی) مولانا یار محمد صاحب (جنرل سیکریٹری ساؤتھ سینٹرل زون،ممبئی)،سیکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃعلماء مہاراشٹر گلزار احمد اعظمی ودیگر نے شرکت کی نیز اس موقع پر ناگپاڑہ کے میونسپل کارپوریٹر جاوید جنیجا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گلزار احمد اعظمی نے کہا کہ مسلمانوں کی اسمبلی میں بے باک نمائندگی کرنے والے دو ممبران جناب عارف نسیم خان اور شیخ آصف رشیدکی شکست کا دکھ ہے کہ ایک سازش کے تحت ان دونوں حضرات کو ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا لیکن اس کے ساتھ ہی ساتھ اس بات کا اطمینان بھی ہے کہ رئیس شیخ اور نواب ملک اس کمی کو انشاء اللہ پوری کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ووٹ کٹوا پارٹیوں کے نمائندوں کے الیکشن میں کھڑے ہوجانے کے سبب سیکولر ووٹوں کا بٹوارہ ہوا،اورمزید بیس سے زیادہ مسلم و سیکولر غیر مسلم امیدواران اسمبلی کے انتخاب میں منتخب ہونے کے روشن امکانات معدوم ہوگئے، ہمیں امیدہے کہ جمعیۃ علماء  اپنی دیرینہ روایات کے مطابق مسلم مسائل پر گفتگو کرنے کے لیئے جب کبھی آپ کو مدعو کریگی،آپ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔
گلزار اعظمی نے رئیس شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے بطور خاص کہا کہ بھیونڈی میں مولانا حلیم اللہ قاسمی،ان کے رفقاء اوراساتذہ نے پہلی بار عملاً کسی امید وار کی حمایت کی اور ا ن کی کوششیں کامیاب ہوئیں، اس کا تمہیں خیال رکھنا ہوگا۔
اس موقع پر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے رئیس شیخ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بھیونڈی کے عوام کو ان سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور انہیں عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا کیونکہ پندرہ سالوں کے بعد بھیونڈی کے عوام کو ایک قابل خدمت کا جذبہ رکھنے والا مسلم رکن اسمبلی ملا ہے۔
انہو ں نے مزیدکہا کہ مدرسہ سراج العلوم کے پلیٹ فارم سے رئیس شیخ کی کامیابی کی اپیل کی گئی تھی اور انہیں خوشی اس بات کی ہے کہ عوام نے ان کی اپیل پر لبیک کہتے ہو ئے رئیس شیخ کو اسمبلی پہنچا دیا۔
اس موقع پر مسلسل تیسری مرتبہ کانگریس پارٹی سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے امین پٹیل نے کہا کہ وہ جمعیۃ علماء کے شکر گذارش ہیں، جمعیۃ علماء نے ہر موقع پرمیرا ساتھ دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ہم مسلم ممبران اسمبلی نے جب ضرورت پڑی اپنی آواز بلند کی ہے۔ اور ہم تمام مسلم ممبران اسمبلی کو عارف نسیم خان اور شیخ آصف رشید کی ناکامی کا افسوس ہے کیونکہ یہ دونوں افراد ایوان اسمبلی میں مسلم مسائل پر آواز بلند کرنے کے لیئے بے چین رہتے تھے۔
رئیس شیخ نے کہا کہ عاصم بھائی کو بھی شیخ آصف کی شکست کا دکھ ہے اور جب کبھی مسلمانو ں کی نمائندگی کا سوال پیدا ہوتا تھا شیخ آصف رشید اس میں پیش پیش رہتے تھے۔ رئیس شیخ نے مولانا حلیم اللہ قاسمی کو یقین دلایا کہ بھیونڈی کے عوام نے میری کامیابی کے اعلان کے بعد جس مسرت اور جانثاری کا مظاہرہ کیا میں اسے کبھی بھول نہیں سکتا اور وہاں کے عوام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے انہیں انشاء اللہ میں مایوس نہیں ہونے دونگا۔
اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرمولانا مستقیم احسن اعظمی نے امین پٹیل کو پھولوں کا گلدستہ اور گلزار احمد اعظمی نے کانگریسی گلوبند پیش کیا جبکہ رئیس شیخ کو مولانا مستقیم احسن اعظمی نے گلدستہ اور مولانا حلیم اللہ قاسمی نے شال پیش کی، اس موقع پرمہمانان کرام کی فواکہات و مشروبات سے ضیافت کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×