جے این یو کے طلباء پر حملہ کے خلاف جامعہ کے طلباء نے کیا پولیس ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ
نئی دہلی: 6؍جنوری (عصر حاضر) جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد قومی دارالحکومت میں مختلف یونیورسٹیوں کے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور دیگر یونیورسٹی کے سیکڑوں طلباء نے آئی ٹی او میں دہلی پولیس کے پرانے ہیڈ کوارٹر کے باہر زبردست احتجاجی دھرنا کیا۔ جے این یو میں تشدد پھوٹ پڑنے کی اطلاع کے فوری بعد جامعہ ملیہ کے اسٹوڈنٹ لیڈر نے رات 9؍بجے پولیس ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ کرنے کی کال دی جس پر طلباء کی ایک بڑی تعداد آئی ٹی او پہنچ کر پولیس کی خاموشی اور غنڈوں کی خوفناک بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا‘ طلباء کے اس احتجاج میں مختلف سماجی کارکنان نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس سے جے این یو کیمپس چھوڑنے کا مطالبہ کیا یہ سلسلہ رات بھر جاری رہا‘ اسکے علاوہ رات دیر گئے حیدرآباد‘ ممبئی اور کولکتہ کی مختلف یونیورسٹی کے طلباء نے بھی سڑکوں پر زبردست احتجاج کیا اور پُر تشدد کارروائی کے خلاف جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے اس کی بھر پور مخالفت کی۔
ادھر جے این یو کیمپس میں عوام نے فلیگ مارچ کررہی پولیس کے خلاف دہلی پولیس ہائے ہائے‘ واپس واپس جاؤ کے زبردست نعرے لگاتے ہوئے اپنے غصہ کا مظاہرہ کیا۔