جھارکھنڈ کی ایک عدالت نے تبلیغی جماعت کے 17؍غیر ملکیوں کو بری کردیا
رانچی 29:؍ستمبر (اے این ایس)رانچی سی جے ایم کورٹ نے آج تبلیغی جماعت سے وابستہ تمام 17غیرملکی باشندوں کو بری کر دیا ہے ۔ ڈسچارج پٹیشن پر فائنل سماعت کے دوران کورٹ نے دفعہ یو ایس 269، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور اپیڈیمک ڈیزیز ایکٹ کے تحت جرمانے کے نجی مچلکوں کی ادائیگی کے بعد تمام لوگوں کو بری کر دیا ہے۔ جھارکھنڈ کی ایک عدالت نے جاریہ سال کے اوائل میں دہلی مرکز کے اجتماع میں شرکت کے بعد واپس ہوئے 17 غیرملکی تبلیغی ارکان کو مسجد میں چھپے رہنے کے الزام میں تین ماہ کی سزا سنائی تھی جبکہ آج انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔رانچی کے چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ فہیم کرمانی نے تبلیغی جماعت سے وابستہ ارکان کو اپنے آبائی ممالک واپس جانے کی اجازت دے دی کیونکہ یہ ارکان تین ماہ سے عدالتی تحویل میں قید کی سزا بھگت چکے ہیں۔عدالت نے ان پر دو ہزار 200 روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ تبلیغی ارکان کو ہندپیری کی مسجد سے 30 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 15 جولائی کو جھارکھنڈ ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت منظور کی تھی۔ تبلیغی ارکان کے وکیل عبدالعالم نے بتایا کہ بہت جلد یہ لوگ اپنے اپنے آبائی ممالک لوٹ جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان ارکان کا تعلق ملائشیا، برطانیہ، نیدرلینڈ، زامبیا اور کیریبین سے ہے۔