اسلامیات

ہمارے لئے علم سرمایہ ہے اور علم دین عظیم سرمایہ ہے!

طلب العلم فريضة علی كل مسلم ومسلمة علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد عورت پر فرض ہے علم سے ہی انسان کے اندر حلال اور حرام، جائز و ناجائز کی پہچان ہوتی ہے، صحیح و غلط کی معلومات ہوتی ہے، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی جانکاری ہوتی ہے علم سے محروم انسان زندہ رہتے ہوئے بھی مردہ کی طرح ہے اس کی زندگی اندھیروں میں ٹھوکریں کھانے جیسی ہے علم کا یہ مقام ہے کہ جس گھر میں عورت تعلیم یافتہ اور نیک ہوتی ہے تو اس گھر کو یونیورسٹی کہا جاتا ہے اور یہ دیکھا بھی جارہا ہے کہ ایک مرد تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھلے ہی وہ اپنے آپ تک محدود رکھے لیکن ایک عورت اگر تعلیم یافتہ ہے تو وہ بھوکی رہکر بھی اپنے بچوں کو پڑھا رہی ہے اسی بنیاد پر کہا گیا ہے کہ ایک مرد نے پڑھا تو فقط ایک مرد نے ہی پڑھا لیکن ایک عورت نے پڑھا تو ایک خاندان نے پڑھا اس لئے کہ وہ فاقہ کشی کا سامنا کریگی مگر اپنی اولاد کو تعلیم ضرور دلائے گی اور علم حاصل کرنے والوں کا مقام ہمیشہ سے بلند رہا ہے کیونکہ قدم قدم پر علم کی ضرورت ہے یہاں تک کہ اولاد کی تربیت میں بھی اور پیدائش لیکر موت تک کے مراحل میں بھی علم کی ضرورت ہے اور آج علم حاصل کرنے کیلئے جتنی سہولیات و انتظامات ہیں اتنے ہی افسوس کی بات ہے کہ درس و تدریس کا معیار گرتا جارہا ہے جب تک خانقاہوں میں گھاس پوس کی چٹائی پر تعلیم حاصل کرتے تھے تو بڑے بڑے قطب ابدال ہوتے تھے مفکر، مقرر، محدث اور امام زمانہ ہوا کرتے تھے اور آج معاملہ اس کے بر عکس ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ کل تک مسلمان دین اور دنیا سنوارنے کیلئے علم حاصل کرتا تھا اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے تعلیم حاصل کرتا تھا اور آج سارا معاملہ ریڈیمیڈ نظر ارہا ہے کل تک ڈگری کالج نہیں تھے بڑی بڑی عمارتوں کی شکل میں اسکول و مدارس نہیں تھے ہاسٹل اور ہاسپٹل نہیں تھے لیکن خدمت خلق کا جذبہ تھا چھوٹے بڑے کا ادب و احترام تھا اور آج ساری چیزوں کے ہوتے ہوئے بھی معاشرے میں برائیاں دامن پسارتی جارہی ہیں افسوس اس بات کا بھی ہے کہ بڑی سے بڑی برائیوں میں آج مسلمان بھی اول صفوں میں شامل ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ آج ہم ادارے قائم کرتے ہیں لیکن ایک دوسرے کو نیچا دیکھا نے کیلئے اور آج تو اسکول و کالج مدارس کو ہم نے تجارت اور روزگار کا ذریعہ بنالیا جس سے نقصان یہ ہورہا ہے کہ قوم کی بہتر رہنمائی نہیں ہوپارہی ہے بالغ و نابالغ بچے رات رات بھر ناجائز تعلقات کی بنیاد پر گفتگو میں مصروف رہتے ہیں اور موبائلوں میں گیم کھیلنے کا تو یہ حال ہے کہ رمضان کے مہینے تک کا بھی احترام نہ رہا اس کے باوجود بھی گھر کے سرپرست کے اندر یہ جرات نہیں ہوتی کہ وہ اپنے بچوں کو ان برائیوں سے روک سکیں اور نتیجہ یہ ہے کہ معاشرہ تباہ ہوتا جارہا ہے یہودیوں کی ایجادات ہمارے اندر جگہ لیتی جارہی ہیں ایک مہینہ رمضان المبارک کے روزے رکھ کر بھی آج مسلمانوں کے اندر ایمان کے اثرات مرتب نہیں ہوتے 1400 سال پہلے کا حال دیکھا جائے تو لوگ حالت کفر میں بھی قرآن کی آیات سنتے تھے تو کیفیت تبدیل ہو جاتی تھی اور وہ دائرہ اسلام میں داخل ہو جاتے تھے اور اپنے آپ کو رب کے قرآن و نبی کے فرمان کے سانچے میں ڈھال لیا کرتے تھے اور آج حالات ایسے ہیں کہ مسلمانوں پر ہی کچھ اثر نہیں ہوتا اس سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ ہم نے علم کے مقام کو بھلادیا علم کے مقاصد کو بھلادیا جلسے و جلوس کا اہتمام کرتے ہوئے بھی اس کے مقاصد کو موت کے گھاٹ اتار دیا یعنی مذہب اسلام کا نعرہ لگانے کے باوجود بھی ہم مذہب اسلام کے فرامین پر عمل کرنے کیلئے تیار نہیں نبی اکرم سے محبت کا دعویٰ کرنے کے باوجود بھی نبی کی سنتوں کو اپنانے کیلئے تیار نہیں اولیاء کرام کے آستانوں پر جانے کے باوجود بھی اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کرنے کیلئے تیار نہیں بلکہ انکے آستانوں کو ہم نے سیر و تفریح کا ذریعہ بنالیا جبکہ غوث اعظم، غریب نواز، بختیار کاکی، صابر کلیری، محبوب الٰہی، مخدوم سمنانی رحمہم اللہ جیسے جلیل القدر بزرگان دین جن کی قبروں پر رب قدیر انوار رحمت کی بارش فرمائے یہ بزرگانِ دین علم سے پوری طرح آراستہ و پیراستہ تھے اپنے وقت کے بڑے بڑے مشائخ و امام تھے اور آج کچھ بہروپئے علم سے کوسوں دور رہ کر رنگ برنگ کے لباس میں ملبوس ہوکر، بڑے بڑے بال بڑھا کر، ہاتھوں میں کڑا انگلیوں میں درجنوں انگوٹھیاں پہن کر، کلائیوں اور گردنوں میں مختلف قسم کے موتی اور جنگلی جڑی بوٹیاں پہن کر کہتے ہیں کہ شریعت اور ہے طریقت اور ہے جبکہ یہ سراسر بیحیائی ہے جہالت ہے انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ شریعت کے بغیر طریقت مل ہی نہیں سکتی مذکورہ بزرگان دین نے علم حاصل کیا اور اسلام کی تعلیمات کو پوری دنیا میں پھیلایا اسلام کی تبلیغ و اشاعت کی دین کی دعوت دی پتہ چلا کی دین کی دعوت عام کرنے میں بھی علم کی ضرورت ہے رزق حلال و حرام کی تمیز کیلئے علم کی ضرورت ہے یعنی علم سرمایہ ہے اور علم دین عظیم سرمایہ ہے جو علم حاصل کرنے سے محروم رہا تو وہ گویا ایک فرض کی ادائیگی سے محروم رہا اور وہ بھی ایسا فرض ہے جس سے دیگر فرائض کی معلومات حاصل ہوتی ہے اور اسی معلومات کے مطابق ڈنکے کی چوٹ پر کہا جاتا ہے کہ جس کے سینے میں قرآن و حدیث کا علم نہیں ہے تو وہ ولی نہیں ہوسکتا اور جس نے قرآن و حدیث کا علم حاصل کئے بغیر تصوف میں قدم رکھا تو اس نے اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالا اس لئے سب سے پہلے علم حاصل کرنے کی ضرورت ہے پھر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کرنے کی ضرورت ہے کہ ائے اللہ میرے علم میں تیری رحمتیں شامل حال رہیں تاکہ زبان حق بات بولے اور دل حب نبی سے روشن رہے ——-

رابطہ 08299579972
javedbharti508@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×