احوال وطن

تعلیمی انقلاب کے لیے امارت شرعیہ کا جامع منصوبہ

پٹنہ: 20؍جنوری (عادل فریدی) امارت شرعیہ پٹنہ نے ہمیشہ ابتدائی دینی تعلیم کانظام قائم کرنے کی ترغیب دی،اس کے لئے ضروری اقدامات کئے ہیں،تاکہ اس ملک میں ہماری نسلیں دین وایمان پر قائم رہ سکیں، اس کے لئے امارت شرعیہ نے جس طرح مدرسہ اورعصری تعلیمی ادارے قائم کئے اسی طرح دیہی علاقوں میں دینی مکاتب کا خودکفیل نظام بھی سیکڑوں جگہوں چلارہی ہے،مستقبل میں بھی امارت شرعیہ اس رخ پر مضبوطی سے کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،اس وقت جب کہ نئی نسل تیزی سے بے راہ روی ودین بیزاری کی شکارہورہی ہے اورحکومت بھی نئی قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعہ ایک خاص مذہب کو پورے ملک پر تھوپنا چاہتی ہے ،اوراس پالیسی کے ذریعہ مدارس کے نظام تعلیم کو ختم یا کمزورکرنے کی کوشش کی ہے،حضرت امیرشریعت مولاناسید محمدولی رحمانی دامت برکاتہم کی واضح رائے ہے کہ پورے ملک میں مکاتب دینیہ کے جال بچھائے جائیں،کوئی گائوں اورمسلم محلہ ایساباقی نہ رہے جس میں مکتب کانظام نہ ہو، اس کے ساتھ ملک میں عزت ووقار کے ساتھ جینے کے لئے ضروری ہے کہ عصری تعلیم کے لئے بڑی تعداد میں اسکول کھولے جائیں جس میں ہمارے بچے اوربچیاںعصری تعلیم پائیں،اسی طرح ان کے لئے اعلیٰ مقابلہ جاتی امتحان میں کامیاب ہونے کے لئے ماہراساتذہ کی نگرانی میں کوچنگ سنٹر بھی قائم کئے جائیں۔ آج جب کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی کو ملک میں متعارف کرایاجارہاہے،ایسے میںایک ایسی تعلیمی تحریک شروع کی جائے جو پورے مسلم معاشرہ میں تعلیمی انقلاب برپا کردے اور ایک ایسا سماج تشکیل پائے، جس کا ہرفرد علم کے ساتھ اچھے اخلاق و اعمال سے آراستہ ہو اورکوئی فرد ناخواندہ اوردینی بنیادی تعلیم سے بے بہرہ نہ رہے ،امارت شرعیہ نے امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب دامت برکاتہم کے حکم پر اور ان کی ہدایت کے مطابق چھوٹے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے لئے خودکفیل مکتب اوراسکول قائم کرنے کاجامع منشور پیش کیا ہے۔جس کے ذریعہ شہرودیہات،بڑی اورچھوٹی آبادی ہرایسی جگہ جہاں مسلمان بستے ہوں وہاں اپنا دینی تعلیمی نظام قائم کرسکتے ہیں۔یہ باتیں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے اپنے بیان میں کہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ امارت شرعیہ نے ان مقاصد کے لئے بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈمیں ترغیب تعلیم و تحفظ اردو کی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلہ میں ریاست بہارمیں یکم تا ۸؍ فروری کو بہار کے تمام اضلاع میں’’ ہفتہ برائے ترغیب تعلیم و تحفظ اردو‘‘ کے تحت پروگرام ہوں گے ، جس میں علماء کرام، ائمہ مساجد، دانشوران ، سماجی وسیاسی کارکنان ، دینی و ملی فکر رکھنے والے حضرات ، تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے اور تعلیم کے میدان میں کام کر رہے اہم لوگوں کی شرکت ہوگی ۔ان پروگراموں میں جہاں دینی بنیادی تعلیم کے مکاتب قائم کرنے پر توجہ دلائی جائے گی ، وہیں معیاری اسکول ، عصری تعلیمی اداروں اور مقابلہ جاتی امتحانات کی کم خرچ میں بہتر تیاری کرانے والے کوچنگ سنٹروں کے قیام پر بھی اہل فکروعلم اور مخیر حضرات کوتیارکیا جائے گا ۔ ساتھ ہی اردو زبان کے تحفظ کی بھی مہم چلائی جائے گی ۔ یہ سبھی پروگرام اضلاع کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوں گے ، پروگراموں کا شیڈول اس طرح ہے ۔
مورخہ یکم فروری۲۰۲۱ء؁ کو پورنیہ،بھاگل پور، کھگڑیا، سمستی پور، نالندہ اور بھوج پورکے ہیڈ کوارٹر میں نشست ہو گی ۔ مورخہ ۲؍ فروری ۲۰۲۱ء؁ کو کٹیہار، بانکا، بیگو سرائے،دربھنگہ،بکسر اور مشرقی چمپارن کے ہیڈ کوارٹر میں پروگرام ہوںگے ، جب کہ ۳؍ فروری ۲۰۲۱ء؁ کی نشست کشن گنج، لکھی سرائے، مدھوبنی، گیا، کیموراور شیوہر ضلع کے ہیڈ کوارٹر میں ہو گی ۔۴؍ فروری۲۰۲۱ء؁ کو ارریہ، سہرسہ، جموئی، اورنگ آباد،روہتاس اور سیتا مڑھی میں پروگرام ہوں گے ، ۶؍ فروری کی نشست کے لیے سوپول، شیخ پورہ، ارول،سیوان ، گوپال گنج اور ویشالی ضلع کو طے کیا گیا ہے ۔۷؍ فروری کو مدھے پورہ، مونگیر، جہان آباد، سارن اور مغربی چمپارن کے ہیڈ کوارٹر میں نشست منعقد ہوگی ۔ اس ترغیبی ہفتہ کے آخری دن۸؍ فروری ۲۰۲۱ء ؁ کونوادہ میں پروگرام منعقد ہو گا۔
قائم مقام ناظم صاحب نے امارت شرعیہ کے ارباب حل و عقد، ارکان شوریٰ و عاملہ، ضلع و بلاک کے صدر وسکریٹری ، فعال و سرگرم نقباء، دینی وملی کاموں اورتعلیمی تحریک سے دلچسپی رکھنے والے سرگرم افراد، سیاسی و سماجی شخصیات، علماء کرام ، ائمہ مساجد ، دانشوران اور تعلیمی ادارہ چلانے والے ذمہ دار افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع کی نشست میں ضرور شرکت کریں اور امارت شرعیہ کی اس ترغیبی تحریک کو کامیاب و با مقصد بنانے میں اپنے قیمتوں مشوروں سے نوازیں ۔ اور امارت شرعیہ کی اس آواز کو ہر گھر تک پہونچانے میں اپنا بیش قیمتی تعاون پیش کریں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×