انڈونیشیا: مسافر طیارہ گر کر تباہ‘ طیارے کے سگنلز اور انسانی لاشیں ملنے کی رپورٹ
جکارتہ: 10؍جنوری (ذرائع) انڈونیشیا کی فضائی کمپنی سری وجایا کا ایک مسافرطیارہ دارالحکومت جکارتہ سے اڑان بھرنے کے فوری بعد حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔ اس طیارہ میں 62 افراد سوار تھے۔ طیاروں کا سراغ لگانے والی سروس فلائٹ راڈار 24 نے اپنی ٹویٹر فیڈ میں بتایا ہے کہ ’’ایس جے 182 کا 10 ہزار فٹ کی بلندی پرکنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔اس وقت اس کو جکارتہ سے اڑان بھرے صرف چار منٹ ہوئے تھے۔ امدادی کارکنان کا کہنا ہے کہ طیارہ دارالحکومت کے نواح میں سمندرمیں گر کر تباہ ہوا ہے اور اس کا ملبہ مل گیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بوئنگ 737-500 جکارتہ سے انڈونیشیا کے علاقے غربی کالی منتان میں واقع شہر پونٹیاناک جارہا تھا۔ یہ شہر دارالحکومت سے 740 کلومیٹر دور واقع ہے۔ مسافرطیارہ ہفتے کی دوپہر ڈھائی بجے جکارتہ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد لاپتہ ہوگیا تھا۔ انڈونیشیا کے ٹرانسپورٹ کے وزیر بودی کریا نے نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ طیارے میں 62 افراد سوار تھے۔ ان میں 12 افراد عملہ کے ارکان ہیں۔ ایک اور انڈونیشی عہدے دار نے قبل ازیں بتایا تھا کہ طیارے میں 56 مسافر اور عملہ کے چھے ارکان سوار تھے۔
انڈونیشیا کی سرچ اور ریسکیو ایجنسی بسرناس کے سربراہ باگس پروہیٹو طیارے کی تلاش کے لیے ٹیمیں جکارتہ کے شمال میں سمندر کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔ اسی امدادی ادارے کے ایک اور عہدہ دار آگس ہریونو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سمندر سے ملبے کے بعض حصے ملے ہیں اور شُبہ ہے کہ یہ حادثے کا شکار بدقسمت طیارے ہی کا ہے۔انڈونیشیا کے بعض ٹی وی چینلوں نے ملبے کے ٹکڑوں کی تصاویر دکھائی ہیں۔
انڈونیشیا میں ‘سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی’ کے سربراہ باگس پروہیٹو کا کہنا ہے کہ حکام نے اتوار کے روز ایسے سگنلز کا پتہ چلایا ہے جو ‘سری وجایا’ فضائی کمپنی کے طیارے کے ریکارڈر کے ہو سکتے ہیں۔ طیارہ ہفتے کے روز دارالحکومت جکارتا سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارہ انڈونیشیا کے شہر پونٹیانک جا رہا تھا۔
فوجی بحری جہاز پر سوار مذکورہ ایجنسی کے سربراہ نے صحافیوں کو بتایا کہ "ہمیں دو مقامات پر سگنلز ملے ہیں ، یہ بلیک بکس ہو سکتا ہے”۔ ایجنسی کے مطابق بحیرہ جاوہ میں 75 فٹ کی گہرائی میں ایک سگنل ملا ہے۔
پولیس نے اتوار کے روز بتایا کہ جس علاقے میں سری وجایا فضائی کمپنی کا بوئنگ 737-500 طیارہ غائب ہوا تھا وہاں طیارے کا ملبہ اور انسانی لاشیں ملی ہیں۔ طیارے میں کُل 62 افراد سوار تھے جن میں 10 بچے شامل ہیں۔
ہفتے کے روز اس مقام پر دو بحری جہاز بھیجے گئے تھے جہاں بدقسمت طیارے کے گرنے کا غالب گمان ہے۔
طیارے کے مسافروں کے عزیز و اقارب ہفتے کی شام پونٹیانک کے ہوائی اڈے پر تناؤ کی حالت میں متعلقہ خبروں کے منتظر رہے۔
بوئنگ کمپنی کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’ہم جکارتہ میں طیارے کے حادثے کے بارے میں میڈیا رپورٹس سے آگاہ ہیں۔ ہم صورت حال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں اور مزید معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔‘‘
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 27 سال پرانا تھا۔اس کے اڑان بھرنے کے وقت جکارتہ کے سوئیکارنو حاتا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موسم ناخوشگوار تھا اور وہاں بارش ہورہی تھی۔