حیدرآباد و اطراف

نم آنکھوں کے ساتھ ہزاروں فرزندانِ توحید نے کیا مفتی عبدالمغنی مظاہریؒ کو سپردِ لحد

حیدرآباد: 18؍اگست (عصرحاضر) مفتی محمد عبدالمغنی مظاہریؒ نے آج رات 3؍بجے داعیٔ أجل کو لبیک کہہ کر علمی و رفاہی دنیا کو سوگوار کردیا۔ ادارہ اشرف العلوم خواجہ باغ سعیدآباد میں آپ کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ آپ کے برادرِ صغیر مولانا محمد عبدالقوی ناظم ادارہ اشرف العلوم نے پڑھائی۔ مفتی صاحب کے انتقال کی اطلاع پاکر تلنگانہ آندھراپردیش کرناٹک اور مہاراشٹرا سے بڑی تعداد میں محبین و تلامذہ نے شہر حیدرآباد کا رُخ کرتے ہوئے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر ادارہ اشرف العلوم خواجہ باغ سعیدآباد کی وسیع و عریض مسجد کا نچلا حصہ اور پہلی منزل، مدرسہ کا کشادہ صحن اور باہر کی سڑکیں مصلیوں سے تنگ دامنی کا شکوہ کررہی تھیں۔ نمازِ جنازہ کے بعد ادارہ اشرف العلوم خواجہ باغ سے کُرما گوڑہ مسجد معراج سے متصل قبرستان سلطان دائرہ تک (تقریبا ساڑھے تین کیلو میٹر ) کی مسافت آپ کے محبین نے آپ کا جنازہ اپنے کاندھوں پر لیکر طے کیا۔ سڑکوں پر ٹریفک کے نظم و نسق کے ساتھ نورانی چہروں کا ایک سما بندھا ہوا نظر آرہا تھا۔  مفتی صاحب کی رحلت کی افسوسناک خبر سُن کر ملک بھر سے علماءِ کرام کے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی دامت برکاتہم نے نمازِ فجر کے فوراً بعد ہی حضرت مفتی صاحب علیہ الرحمہ کے بڑے فرزند مولانا عبدالرحمن محمد میاں قاسمی کو صوتی پیغام ارسال کرتے ہوئے تعزیتِ مسنونہ پیش کی۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر ریاست کے مؤقر علماء کرام عارف بالله حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم، مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا، حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش، فقیہ العصر مولانا خالد سیف الله رحمانی، حافظ اسحاق صاحب (نائب ناظم فیض العلوم)، مفتی صادق محی الدین فہیم، مولانا احمد عبد اللہ طیب صاحب، مولانا احمد عبید الرحمان اطھر، مولانا محمد مصدق القاسمی، مفتی محمد تجمل حسین قاسمی، مولانا سید احمد ومیض ندوی، مولانا مصباح الدین حسامی، مفتی محمد معراج الدین علی ابرار، مولانا محمد فصیح الدین ندوی، مولانا محمد وسیم الحق ندوی، حافظ پیر خلیق احمد صابر، جناب حامد محمد خان امیر جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ، جناب احمد بن عبدالله بلعلہ رکن اسمبلی حلقہ ملک پیٹ، محمد علی شبیر کانگریس سابق وزیر اقلیتی بہبود، جناب مشتاق ملک کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی، امجد الله خان خالد ترجمان مجلس بچاؤ تحریک، مولانا حافظ احسن الحمومی، مولانا خواجہ کلیم الدین اسعدی کریم نگر، مولانا احسان الدین نلگنڈہ، مولانا محمد کاظم الحسنی کریم نگر، حافظ فہیم الدین منیری کاماریڈی، مفتی صدیق نلگنڈہ کے علاوہ گنٹور، نرمل، ورنگل، گلبرگہ، بیدر ودیگر متعدد مقامات سے علماء کرام عمائدین اور سیاسی و سماجی قائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×