احوال وطن

ہندوستان کی شمالی ریاستوں میں کہرے کا قہر‘ گاڑیاں ٹکرانے کے مختلف واقعات میں 11 لوگوں کی موت

نئی دہلی: 20؍دسمبر (عصرحاضر) شمالی ہندوستان میں کہرے کا قہر نظر آنے لگا ہے اور اس کی وجہ سے آئے روز سڑک حادثات ہو رہے ہیں۔ سردیوں کے موسم میں گھنے کہرے کی وجہ سے کچھ شمالی ریاستوں میں پیر کو گاڑیوں کے حادثات میں کم از کم 11 افراد کی دردناک موت ہو گئی اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اتر پردیش کے چار اضلاع میں جہاں آٹھ لوگوں کی موت ہوئی جبکہ پنجاب میں تین لوگوں کی موت ہوئی۔ یوپی کے علی گڑھ ضلع میں 18 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ اسی وقت ہاپوڑ-لکھنؤ شاہراہ پر ایک شخص کی موت ہوگئی جب کہ گڑھ مکتیشور علاقے میں ایک وین ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد پلٹ گئی، جس کی وجہ سے 10 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور اتوار کی دیر رات ایک شخص کی موت ہوگئی۔ پیر کی صبح اس علاقے میں چھ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر اوریا میں ٹرک کی بس سے ٹکر سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ اٹاوہ میں ایک پک اپ ٹرک نے بائک کو ٹکر مار دی، ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔ اسی دوران، پنجاب میں نابھہ-مالیر کوٹلا روڈ پر ایک ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ ملوٹ-بٹھنڈہ ہائی وے پر 8 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ شہر میں کل یعنی پیر کی صبح گھنی دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی۔ یہ اس سیزن کا پہلا واقعہ تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×