روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کا سلسلہ بھی مرحلہ وار بحال ہوگا، 18؍اکتوبر سے ہوگی زائرین کی اجازت
جدہ: 12؍اکتوبر (عصر حاضر) حرمین شریفین کی جنرل پریزیڈنسی نے کہا ہے کہ مسجد نبوی میں روضہ اطہر کی زیارت اور مسجد نبوی کے قدیم حصہ میں نماز کا پہلا مرحلہ 18 اکتوبر اتوار کے دن سے شروع ہوگا۔ حرمین شریفین انتظامی امور کے سربراہ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمان السدیس نے پیر کو روضہ مبارکہ کی زیارت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ العربیہ کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورس کے اہلکار ریاض الجنہ میں نماز، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم پر صلوۃ و سلام کے لیے آنے والے زائرین کو منظم کریں گے۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کے ترجمان جمعان العسیری نے بتایا کہ زیارت کے خواہش مند اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں اس کے بغیر وہاں کسی کو نماز اور سلام کے لیے پہنچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پہلے مرحلے میں روضہ شریفہ کی 75 فیصد تک گنجائش کے حساب سے زائرین کو کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کے ساتھ حاضری کی اجازت ہوگی۔