حرم مکی میں غلافِ کعبہ کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام مکمل
مکہ مکرمہ: 6؍مئی (ذرائع) حرم مکی میں شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ نے کسوہ (خانہ کعبہ کا غلاف) کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام مکمل کر لیا۔ کمپلیکس کے متعلقہ شعبے کے اہل کاروں کی جانب سے غلاف کے ڈوروں کو کسنے اور غلاف کے پھٹ جانے والے حصوں کو دوبارہ سینے کا کام انجام دیا گیا۔ اس کا مقصد غلاف کعبہ کی رونق اور چمک دمک کو برقرار رکھنا ہے۔
اس کام کی انجام دہی بیت اللہ کے غلاف کی جامع دیکھ بھال اور صفائی کے حوالے سے پورے سال جاری رہنے والے روٹین کے عمل کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ عمل مسجد حرام کے امور کے سربراہ عام کے سکریٹری احمد بن محمد المنصوری کی نگرانی میں انجام دیا جاتا ہے۔ المنصوری کو مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہِ عام شیخ عبدالرحمن السدیس کی جانب سے ہدایات جاری ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی دونوں مقامات کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ٹکنالوجی اور عالمی معیار کے بہترین مواد اور لوازمات کا استعمال کرتی ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت مسجد حرام اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال اور مرمت کے امور پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔