افکار عالم

رمضان کے پہلے دو عشروں کے دوران 42؍لاکھ زائرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی

مکہ مکرمہ: 22؍اپریل (ذرائع) حرمین شریفین کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس سال رمضان المبارک کے ابتدائی دو عشروں کے دوران 42 لاکھ سے زیادہ زائرین نے عمرہ کیا۔ سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’رمضان کے ابتدائی 20 ایام کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کے انتظامات بہترین رہے ہیں‘۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’مسجد نبوی کے زائرین کے استقبال کے حوالے سے جو انتظامات کیے گئے تھے وہ بھی تسلی بخش رہے‘۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انتظامات کو کامیاب بنانے میں بھرپورتعاون دیا۔ انہوں نے کہا کہ’ حرمین شریفین کے تمام انتظامی اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کرکے سارے کام مناسب وقت پر انجام دیے‘۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے کہا کہ’ اس سال کی تمام استقبالیہ اسکیمیں کامیاب رہیں۔ رمضان کے دوعشروں کے انتظامات بہترین رہے ہیں‘۔ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے سربراہ کے سیکریٹری انجینیئر اسامہ الحجیلی نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں نے عمرہ زائرین اور نمازیوں کو منظم شکل میں عمرہ کرایا اور عبادت کا موقع فراہم کیا۔ خانہ کعبہ کے طوافِ ’مقام ابراہیم‘ پر طواف کی سنتوں اور ’صفا و مروہ‘ کی سعی منظم شکل میں کرائی۔ الحجیلی نے بتایا کہ نمازیوں کے لیے مصلے متعین کیے گئے۔ اس سلسلے میں خواتین و حضرات کے مصلوں کی نشاندہی کی گئی۔ وہاں تک پہنچنے اور حرم شریف سے نکلنے کے لیے دروازے بھی مخصوص کیے گئے ہیں۔ الحجیلی نے اطمینان دلایا کہ خانہ کعبہ کا طواف ہو یا صفا و مروہ کی سعی ہو یا مقام ابراہیم پر طواف کی سنتیں ہوں یا دینی آگہی والے پروگرام ہوں یا تراویح اور تہجد کا سلسلہ ہو یہ تمام کام کورونا وبا سے بچاؤ کی تدابیر کے ساتھ باقاعدگی سے کرائے گئے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے جو حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی ہیں تمام انتظامات اپنی نگرانی میں کرائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×