افکار عالم

مسجد نبویﷺ میں شہباز حکومت کے وزراء کے خلاف ہنگامہ کرنے والے پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم

ریاض، 26 اکتوبر (ایجنسی) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے مسجد نبوی ﷺ میں ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی نیوز‘ نے سلسلہ وار ٹوئٹ میں بتایا کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مسجد نبوی ﷺ میں ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی وی نیوز کا ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی، وزیراعظم شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان سے درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی۔مزید بتایا گیا کہ مدینہ منورہ کی عدالت نے 3 پاکستانیوں کو 8 سال اور 3 کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال اور انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں سعودی ولی عہد جناب محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے میری درخواست پر سعودی عرب میں اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ الّلہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں پر درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر 24 اکتوبر کو سعودی عرب پہنچے تھے۔28 اپریل کو پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں سے بدتمیزی کی تھی اور ان کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔
ان کے ہمراہ دورے پر بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسمٰعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔مسجد نبویﷺ میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے تھے جب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا تھا، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ’چور‘ کے نعرے لگانا شروع کردیے تھے۔ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی سے بدتمیزی اور انہیں گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا جہاں ان دونوں وزرا کو سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×