احوال وطن

حج کو جانے والوں کی تعداد میں انڈونیشیا کے بعد ہندوستان دوسرا سب سے بڑا ملک: مختار عباس نقوی

ممبئی: 26؍نومبر (عصرحاضر) انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ عازمین حج ہندوستان سے ہی سفر حج پر جاتے ہیں اور آبادی کے لحاظ سے یہ اب وہ وقت دور نہیں کہ ہندوستان سفر حج میں انڈونیشیاء پر بھی سبقت لے جاکر سفر حج میں سر فہرست ہوگا۔ اس قسم کا اظہار خیالات آج یہاں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ممبئی میں حج ہاؤس میں منعقدہ حج تیاریوں کی میٹنگ کے دوران پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کا انتظام و تیاریاں شباب پر ہیں۔ اب تک 20 ہزار سے زائد عازمین حج کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اس میں 60 فیصد درخواستیں موبائل ایپ پر ارسال ہوئی ہیں۔ بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین نے بھی درخواست دی ہیں۔ گزشتہ دو برسوں سے جن بغیر محرم خواتین نے درخواستیں دی تھیں اور اس سال ان خواتین کو قرعہ اندازی سے مسثتنی رکھا جائے گا اور انہیں براہ راست حج کا موقع فراہم ہوگا۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ سفر حج کے دوران اشیاء ضروریہ اور روزمرہ کے استعمال کی شئے چادر و دیگر سامان ہندوستان سے ہی عازمین کو فراہم کئے جائیں گے اس کے عوض ان سے کوئی اضافی چارج یا پیسہ وصول نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی تجارت کو فروغ دینے کیلئے ہندوستانی عازمین کو ہندوستان سے ہی چادر سمیت دیگر ضروری چیزیں فراہم کی جائیں گی اب عازمین کو یہ اسباب سعودی عربیہ میں ریال یا اضافی قیمت پر خریدنا نہیں ہوگی۔وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ جب سے حج سبسڈی ختم ہوئی ہے اس کے بعد سے ہی ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ حج سستا ہو اس پر ہی ائیر فیر اور ہوائی ٹکٹ کا معاملہ بھی منحصر ہے چونکہ اب ہندوستانی ہوائی جہاز کمپنیوں سے بھی ٹینڈر طلب کیا گیا ہے اور اسی مناسبت سے ہوائی ٹکٹ اور دیگر ائیر فئیر طے ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل حج کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کی بھی اب حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارت اقلیتی امور و سرکار نگرانی کریگی کوئی بھی پرائیوٹ آپریٹر اگر کسی عازمین سے دھوکہ دہی کرتا ہے تو اس کی جگہ جیل میں ہوگی اور اس سلسلے میں حج پرائیوٹ ٹور آپریٹر پورٹل بھی تیار کر لیا گیا ہے اس پر پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کو اپنی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہے اس سے نظام میں شفافیت پیدا ہوگی اور عازمین ٹھگی کا شکار نہیں ہوسکیں گے اس کیلئے سرکار سنجیدہ ہے اور تمام تفصیلات جمع کئے جارہے ہیں۔پرائیوٹ آپریٹرس کو 30فیصد کوٹہ ملتا ہے جبکہ حج کمیٹی سے 70فیصد کوٹہ ہے اور اسی مناسبت سے عازمین حج کمیٹی اور پرائیوٹ ٹور آپریٹرس سے حج پر جاتے ہیں۔مختار عباس نقوی نے کہا کہ امسال کورونا کے سبب صرف 10امبارکیشن سے ہی سفر حج پر جانے کی اجازت ہوگی اور دونوں ٹیکہ لازمی ہوگا اسی صورت میں ہی عازمین کو حج کی اجازت ہوگی اسکے علاوہ ٹیکہ کے بعد بھی ائیر پورٹ پر 72 گھنٹے قبل آر ٹی پی سی آر رپورٹ کے لئے ٹیسٹ کا انتظام حج کمیٹی کریگی اس پر بھی میٹنگ لی گئی ہے اور منظور شدہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ سے ہی یہ ٹیسٹ کروایا جائیگا صحت و سلامتی کیلے ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ, ای مسیحا بھی جاری کیا گیا ہے جس میں مکہ مدینہ میں قیام کیلئے بلڈنگ اور ٹرانسپورٹیشن کی معلومات ہندوستان میں ہی فراہم ہوتی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستانی عازمین کی سہولیات تحفظ اور اس میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
اسی طرز پر عازمین حج کیلئے کورونا قوانین کے ساتھ سفر حج میں آسانیاں پیدا کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ دونوں ٹیکہ کو سعودی عربیہ کی منظوری مل گئی ہے اگر کسی نے بھی دونوں ٹیکہ لیا ہے اس کو حج پر جانے کی اجازت ہوگی اس کے ساتھ ہی کورونا اصول و ضوابط کی پابندی لازمی ہے۔ مختار عباس نقوی نے آج کی میٹنگ میں حج 2022 ء کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور اس میں پرائیوٹ ٹور آپریٹرس سے بھی میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×