افکار عالم

حج 2020ء سے متعلق سعودی عرب کا فیصلہ دانشمندانہ: رابطہ عالمِ اسلامی

دبئی: 23؍جون (ذرائع) حج 2020ء سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کے بعد عالم اسلام کی ہمہ گیر اور عوامی تنظیم "رابطہ عالم اسلامی” کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رواں سال حج کو مملکت کے اندرون مقیم غیر ملکیوں تک محدود کرنے کا فیصلہ بیت اللہ کے حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضرورتِ شرعیہ کا ترجمان ہے۔

العربیہ کو دیے گئے بیان میں العیسی نے باور کرایا کہ حجاج کرام کی سلامتی سعودی عرب کی اہم ترین ترجیح ہے جس کو کسی بھی حوالے سے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے باور کرایا کہ مملکت کرونا کی وبا کے سائے میں حجاج کرام کی سلامتی کے اعلی ترین تقاضوں پر غور کر رہی ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کے اس فیصلے کو عالم اسلام کے بڑے مفتیان اور علماء کرام کی جانب سے وسیع پیمانے پر تائید حاصل ہوئی ہے۔ ان شخصیات نے کرونا کے بحران کے تناظر میں اس فیصلے کو دانش مندانہ اور ضروری قرار دیا۔

سعودی وزارت حج نے گزشتہ روز (پیر کو) اعلان کیا تھا کہ رواں سال صرف مملکت میں مقیم مختلف ملکوں کے شہریوں کو محدود تعداد میں فریضہِ حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ ان کے علاوہ محدود تعداد میں سعودی شہری بھی فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔ وزارت نے اس بات پر زوردیا ہے کہ مملکت نے ہمیشہ عازمین حج اور عمرہ کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد بھی یہ ہے کہ کرونا وائرس کی وَبا سے کسی عازم حج کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×