ریاست و ملک

لاک ڈاؤن کی توسیع کے لیے وزیر اعظم سمیت تمام ریاستوں کا باہم اتفاق‘ تاہم سرکاری طور پر اعلان نہیں ہوا

نئی دہلی: 11؍اپریل (عصر حاضر) ملک بھر میں آئے دن کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات کو روکنے کے لیے مرکزی و ریاستی حکومتیں مسلسل کوشاں ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سیاسی پارٹیوں کے لیڈران‘ اپوزیشن اور ریاستی وزرائے اعلی اور لیفٹیننٹ گورنرس سے تبادلۂ خیال کررہے ہیں۔ اسی درمیان 11؍اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کی ہے۔ اس دوران ملک گیر لاک ڈاون کی توسیع کے سوال پر چرچا کیا گیا جس میں ملک گیر لاک ڈاؤن کی دو ہفتوں تک مزید توسیع کے لیے تمام وزرائے اعلی نے باہم اتفاق کیا؛ لیکن سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ ملک بھر میں کسانوں کے مسائل‘ اور دیگر اہم امور پر اس کانفرنس میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران وزیر اعظم سمیت سبھی نے اپنے چہروں پر ماسک لگا رکھے تھے۔

ادھر ریاستی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں دو ہفتوں کی توسیع کے اعلانات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب میں دو ہفتوں کے مزید لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ابھی تک آپ اپنی ریاست کی بقاء کی خاطر اور اپنوں کے تحفظ کے لیے ساتھ دیا ہے ہم آپ سے درخواست کریں گے کہ یکم مئی تک اسی طرح ہمارا ساتھ دیجیے۔

ریاستی حکومتوں میں لاک ڈاؤن کا سب سے پہلے اعلان کرنے والی اڑیسہ حکومت کی جانب سے دو دن پہلے ہی وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کہا کہ لاک ڈاؤن ہی اس وباء سے بچنے کا واحد راستہ ہے اس کو مزید برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ چنانچہ اڑیسہ میں 30؍اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔

پورے ملک میں سب سے زیادہ کورونا سے متأثرہ ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلی نے وزیر اعظم کی ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد اپنی پریس کانفرنس کے ذریعہ اعلان کردیا کہ مہاراشٹرا میں لاک ڈاؤن کو برقرار رکھا جائے گا۔ اور 30؍اپریل تک یہ سلسلہ جاری رہےگا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی کانفرنس میں شرکت کرنے کے بعد اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلہ کی حمایت کی ہےاور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ مرکزی حکومت کے اس اقدام کی ستائش کی ہے۔ تاہم وزیر اعلی کا کوئی آفیشیل بیان لاک ڈاؤن کی توسیع کے سلسلہ میں نہیں آیا۔ اسی طرح تلنگانہ میں بھی وزیر اعلی کے سی آر کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ لیکن لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں کوئی اعلان ابھی سامنے نہیں آیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×